ملتان(سٹاف رپورٹر) غیرملکی کرنسی اور سونا سمگلنگ میں پکڑی جانے والی72سالہ خاتون نےکسٹم حکام کو جائیداد کی فروخت اور بیرون ملک رقوم کی منتقلی کےدستاویزی ثبوت پیش کردیئے۔ کسٹم انٹیلی جنس اور ملتان کسٹمز کی ملتان ایئرپورٹ پرساجدہ نامی خاتون کے سامان کی تلاشی کے دوران قبضے سے 100 تولے سونا اور20ہزار امریکی ڈالر برآمد کئے تھے،جس پر72 سالہ ساجدہ نامی خاتون جو کہ نیو ملتان کی رہائشی نے کسٹم حکام کو بتایا کہ وہ پاکستان کے ساتھ امریکی شہریت رکھتی ہے اور اس کے بیٹے مستقل بنیادوں پر امریکہ میں مقیم ہیں اور وہ اپنی جائیداد فروخت کرکے امریکہ اپنے بچوں کے پاس جارہی تھی۔گزشتہ روز دوران تفتیش خاتون نے کسٹم حکام کو سونے کی خریداری اور اپنی گھر کی فروخت کے کاغذات جمع کروادیئے۔خاتون نے بتایا کہ وہ کسٹم قوانین سے لاعلمی کے باعث سونا اور غیرملکی رقم لیکر جارہی تھی اس حوالے سے مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے۔