بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض حسین نے راولپنڈی میں ایک اور بحریہ دسترخوان کا افتتاح کر دیا جہاں روزانہ ہزاروں افراد مفت 2 وقت کا کھانا باعزت طریقے سے کھا سکیں گے، ملک ریاض کا کہنا ہے دسترخوان پاکستان کی تعمیر کے عظیم مقصد میں ایک معمولی کاوش ہے۔
بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض حسین نے فیض آباد کے قریب بحریہ دسترخوان کا افتتاح کیا، اس موقع پر معروف سیاستدان حاجی نواز کھوکھر بھی ان کے ہمراہ تھے، ملک ریاض نے اس موقع پر دسترخوان کے باورچی خانے کا خصوصی معائنہ کیا اور کھانا کھانے والے افراد سے گھل مل گئے، جیو سے گفتگو میں ملک ریاض کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت اور پاکستان کی خوشحالی اہم مشن ہے۔
دسترخوان سے مستفید ہونے والے افراد کا کہنا ہے کہ پسماندہ اورغریب علاقے میں اس طرح کی سہولت کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔ دسترخوان کے لیے کھانا تیار کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اس کھانے کے معیار کا موازنہ کسی بھی بڑے اور اچھے ہوٹل کے کھانے سے کیا جا سکتا ہے۔
ملک ریاض حسین نے دسترخوان کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو بھی کی، ان کا کہنا تھا کہ ملک اسی وقت ٹھیک ہوگا جب حکمران اورعوام ٹھیک ہوں گے۔