کراچی(ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ پرویز مشرف آئندہ الیکشن میں تیسری بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرسکتے ہیں، پیپلزپارٹی ایک جزوی صوبائی سیاسی جماعت بن کر رہ گئی ہے،ن لیگ والے لفظوں کی لڈو کھیلتے ہیں، نوازشریف عوام کے ٹیکسوں سے بنائے منصوبوں کو اپنا تحفہ قرار دیدیتے ہیں، کیا انہیں پتا نہیں کہ تحفہ اپنی جیب سے دیا جاتا ہے ن لیگ ووٹ لے کر نہیں چھین کر اقتدار میں آتی ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کررہے تھے۔ پرویز مشرف کے آئندہ سیاسی کردار کے حوالے سے تجزیہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ پرویز مشرف آئندہ الیکشن میں تیسری بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرسکتے ہیں، پیپلزپارٹی جزوی صوبائی سیاسی جماعت بن کر رہ گئی ہے، بینظیر بھٹو کے بعد پرویز مشرف وہ واحد پاکستانی شخصیت ہیں جنہیں بین الاقوامی فورمزپر بلایا جاتا ہے، لوگوں میں پرویز مشرف کے حوالے سے پسندیدگی پائی جاتی ہے جو وہ مینج نہیں کرسکے ہیں۔شریف خاندان کی شوگرملز کے حوالے سے تجزیہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ ن لیگ والے لفظوں کی لڈو کھیلتے ہیں، نئی شوگر ملیں لگا کر انہیں منتقل کردہ شوگرملیں قرار دینا شریف خاندان کی روایتی چالاکی ہے،نوازشریف عوام کے ٹیکسوں سے بنائے منصوبوں کو اپنا تحفہ قرار دیدیتے ہیں، کیا انہیں پتا نہیں کہ تحفہ اپنی جیب سے دیا جاتا ہے۔نواز شریف کی داستانِ حیات پر تجزیہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ جس شخص نے کبھی کتاب نہیں پڑھی اس پر کتاب لکھی گئی اور مسلط کردی گئی، پرچیاں لکھنے والے شخص پر کتاب لکھی گئی لیکن یہ کتاب صرف دیمک پڑھے گی، ہماری حکومتیں بے پیندے کے وہ برتن ہیں جس میں سمندر بھی ڈال دیں تو خالی رہیں گے۔حسن نثار کا کہنا تھا کہ ن لیگ ووٹ لے کر نہیں چھین کر اقتدار میں آتی ہے، مسلم لیگ ن نے 2013ء کے انتخابات میں دھاندلی کے باوجود آٹھ کروڑ 61لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹوں میں سے صرف ایک کروڑ 48 لاکھ 74 ہزار ووٹ حاصل کیے تھے۔پنجاب حکومت کی اوبر اور کریم ٹیکسی سروس کیخلاف کارروائی پر تجزیہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ ن لیگ والوں کو یہ برداشت ہی نہیں کہ انہیں حصہ ملے بغیر عوام کو کچھ ملے، پنجاب میں رشوت کو اسپیڈ منی اور بھتے کو پارٹی فنڈ کا نام دیدیا گیا ہے۔