• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمرانوں نے ملکی مفاد کے بجائے ہمیشہ امریکی مفادات کا تحفظ کیا ، سراج الحق

 لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی  سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان مشکل دور سے گزررہاہے ۔ پاکستان کی داخلی و خارجہ پالیسی ناکام ہے ۔ پاکستان تنہا ہورہاہے ۔ امریکہ کی اتنی زیادہ غلامی کرنے کے باوجود امریکہ کشمیر پر بھارت کیساتھ کھڑا ہے ۔ آج ہمارے سرکاری وفد کو بھی امریکہ کا ویزا دینے سے انکار کر دیا گیا ہے ۔ پرویز مشرف اور پاکستانی حکمرانوں نے ملکی مفاد کے بجائے ہمیشہ امریکی مفادات کا تحفظ کیا ہے ۔ موجودہ حکمرانوں نے مشرف کی پالیسی کا تسلسل جاری رکھا ہواہے  ۔ پاکستان کا پاسپورٹ ان کی وجہ سے بدنام ہواہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی کی مرکزی تربیت گاہ کے شرکاءسے خطاب اور میڈیا  سے گفتگو کرتے  ہوئے کیا سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ہماری حکومت آج کرپشن چھوڑنے اور قوم کی لوٹی ہوئی دولت سرکاری خزانے میں جمع کرانے کا اعلان کرے تو ہمارے بہت سے مسائل حل ہوسکتے ہیں ۔ حکمرانوں کی وجہ سے ملک  کی معیشت تباہ ہے ۔ حکمرانوں کے اپنے کارخانے دن رات ترقی کررہے ہیں لیکن ہماری سٹیل مل ، پی آئی اے اور دوسرے ادارے تباہ اور خسارے میں جارہے ہیں ۔ حکمرانوں کی نیت ٹھیک نہیں ہے جس کی وجہ سے برکت اٹھ گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہے کہ وزیراعظم سے پوچھا جائے کہ ان کے پاس اتنی دولت کہاں سے آئی ہے وہ اس کا جواب دینے کے بجائے قطری شہزادے کے خطوط پیش کرتے ہیں ۔ شہزاد ے کے خطوط ان کو نہیں بچا سکتے۔
تازہ ترین