• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل ایکشن پلان پر فوری عملدرآمد ضروری،حکومت سنجیدہ نہیں،خورشید شاہ

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ دہشت گردی ایک مرتبہ پھر سر اٹھا رہی ہے اور اگر حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مضبوط اور بروقت اقدامات نہ کئے تو پھر خدشہ ہے کہ ضرب حزب کے ذریعے حاصل کی گئی کامیابیاں رائیگاں نہ ہو جائیں۔نیشنل ایکشن پلان پر پوری تندہی سے فوری عمل در آمد وقت کا تقاضا ہے لیکن حکومت اس پر سنجیدگی سے عمل پیرا ہونے میں دلچسپی نہیں رکھتی،گزشتہ روز ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ  دہشت گردی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے کیوں کہ ہماری ترقی، خوشحالی اور استحکام دہشت گردی کے خاتمے سے مشروط ہے۔قائد حزب اختلاف نے حالیہ دہشت گردی کی ایک بار پھر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم دہائیوں سے بد ترین دہشت گردی کا شکار ہیں اور اس شیطانی عمل کے پیچھے ہمارےاندرونی اور بیرونی دشمنوں کا ہاتھ ہے جو ہماری ترقی اور خوشحالی کا راستہ روک کر ہمیں غلام بنانا چاہتے ہیں۔ لیکن ہم بحیثیت قوم اپنے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر ترقی، امن اور خوشحالی کی منزل ضرور حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ ہم اپنے ملک اور عوام کو خفیہ دشمن کے ہاتھوں مزید تباہی سے محفوظ رکھ سکیں۔
تازہ ترین