سرگودھا(نمائندہ جنگ) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات بیر سٹر چوہدری محسن شاہ نواز رانجھا نے چک 91 غربی میں 2 کروڑ 25 لاکھ روپے لاگت سے سوئی گیس فراہمی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ این اے 65 میں بلاتفریق ترقیاتی کام کروائے جارہے ہیں ۔علاقہ میں 50 سے زائد دیہاتوں کو سوئی گیس کی فراہمی کا کام تیزی سے جاری ہے ۔مخالفین ہمارے ترقیاتی کام دیکھ کر ہوش و حواس کھو بیٹھے ہیں ۔مخالفین ہمارے ترقیاتی کاموں کا کریڈٹ لینے کی بجائے علاقائی تعمیر وترقی میں ہمارا ساتھ دیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں عوام سے کئے ہوئے تمام وعدے پورے کررہے ہیں ۔این اے 65 میں تعمیر و ترقی اورخوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے۔ علاقہ سے تھانہ کچہری کی سیاست کا خاتمہ کرکے عوامی خدمت کو پروان چڑھایا ہے۔ حلقہ میں سوئی گیس ، بجلی ، ہسپتال اور سڑکوں کے متعدد منصوبے زیر تکمیل ہیں اورآئندہ چھ ماہ تک تمام ترقیاتی کام مکمل کرلئے جائیں گے۔ اس موقع پر حسن شاہ نواز رانجھا ، یوسی چیئر مین میاں محمد اکرم گجر، چوہدری شاہ ریز شفیع وڑائچ، امجد علی قیرشی و دیگر بھی موجودتھے۔