• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سارے ثبوت دیدیے، عمران پاناما کو بیساکھی نہ بنائیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم  اورنگزیب نے کہا ہے کہ  سارے ثبوت دیدیے ہیں، عمران خان پاناما کو بیساکھی نہ بنائیں۔ وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ  اب یہ لڑائی ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائیگی، طلال چوہدردی نے کہا کہ اپوزیشن کی تنقید تعمیری ہونی چاہیے۔ گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نےکہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں دہشت گردی کیخلاف تمام آپریشنز جاری رہینگے، آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے دہشت گردی میں کمی آئی ہے، دہشت گردی کے واقعات کی تعداد 2200سے کم ہو کر  160 تک آ گئی ہے، دہشت گردی کے ہر واقعے کے بعد ہمارا عزم مزید مستحکم ہو رہا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے آج بھی یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہماری طرف سے ثبوت نہیں دئیے جا رہے، ہم نے سپریم کورٹ میں 2006سے ملکیت کے ثبوت جمع کرائے ہیں۔ عمران خان یہاں تو حاضری دیتے ہیں ، لیکن سڑک پار الیکشن کمیشن کیوں نہیں جاتے، تحریک انصاف عدالتی کارروائی میں اب تک کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکی، عمران کے پاس اب بھی وقت ہے کہ مثبت سیاست کی طرف واپس آئیں اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کردار ادا کرکے ملکی ترقی و خوشحالی میں حصہ ڈالیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے لاہور واقعہ پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی کوشش کی،ہم دہشتگردی کیخلاف 80فیصد جنگ جیت چکے، باقی بھی سکیورٹی اداروں کی مدد سے جیتیں گے۔  انہوں  نے کہا کہ عمران خان پاناما کیس بھی جھوٹ اور ٹمپرنگ سے جیتنا چاہتے ہیں، سپریم کورٹ سے عمران کی خواہش پر نہیں، قانون کے مطابق فیصلہ آئیگا، عمران خان کے جھوٹ سے لوگ بیزار اور جج بیمار ہو رہے ہیں پاناما کیس ختم ہوا تو عمران خان خوار ہو جائیں گے۔
تازہ ترین