سیالکوٹ (نمائندہ جنگ ) ضلع سیالکوٹ میں 15مارچ سے 14اپریل تک جاری رہنے والی خانہ و مردم شماری مہم کیلئے 410سرکل اور 3238بلاکس بنائے گئے ہیں جس کے تحت ہر تحصیل میں خانہ و مردم شماری کا انچارج اسسٹنٹ کمشنر ہوگا اور اس مہم کو کامیاب بنانے کی تمام تر ذمہ داری اے سی کی ہوگی جبکہ محکمہ شماریات کی جانب سے سینسزڈسٹرکٹ آفیسرز ان کی معاونت کرینگے جبکہ 2284شمار کنندگان کے ساتھ پاک فوج کے جوان بھی ڈیوٹیاں انجام دیں گے ۔ یہ ہدایات ضلعی خانہ و مردم شماری کمیٹی کے اراکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے جاری کیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 15مارچ سے شروع ہونے والی خانہ و مردم شماری مہم میں ان کے پاس آنے والے شمار کنندگان سے تعاون کریں اور ان کو درست معلومات فراہم کریں۔ حکومت کی جانب سے مردم شماری مہم کے جاری کردہ شیڈول پر100فیصد عملدر آمد کو یقینی بنائیں‘ سی ای او ایجوکیشن اس امر کو یقینی بنائیں کہ مردم شماری کی محکمہ تعلیم کے جن ملازمین کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں وہ 28فروری تک ہر صورت اپنی ٹریننگ مکمل کریں اور 15مارچ سے شروع ہونے والی خانہ و مردم شماری مہم کیلئے پوری طرح تیار رہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ مردم شماری میں ٹیچرز کی لگائی جانے والی ڈیوٹیاں ہر کینسل نہیں کی جائیں گی اور اس سلسلہ میں کسی قسم کا عذر قبول نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پیک کے امتحانات میں مصروف سٹاف کیلئے ایوننگ ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ جن سکولوں میں سنگل ٹیچر تعینات ہے انہیں مہم میں شامل نہ کیا جائے۔