وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مخالفت اپنی جگہ لیکن وہ چوہدری نثار پر تنقید نہیں کریں گے، سیاست کرنے کے بجائے مل جل کر دہشت گردی کے خلاف کام کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بھٹ شاہ میں شاہ عبداللطیف بھٹائی کے مزار کی سیکورٹی کا جائزہ لیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ بھر کی درگاہوں کے لیے سیکورٹی پلان تشکیل دیا جارہا ہے، یہ تاثر غلط ہے کہ اندرون سندھ میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں ہورہا، جیکب آباد، کشمور اور شکار پور سمیت کئی علاقوں میں آپریشن ہوا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے لاہور میں حضرت داتا گنج بخش کے مزار کی سیکورٹی کا جائزہ لینے کا کہا تھا، اپنی ایک ٹیم وہاں بھیجی ہے جو وہاں سیکورٹی اقدامات کا جائزہ لے گی۔