راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے )نئے بلدیاتی نظام کے نفاذ کے بعد پنجاب کے سات اضلاع میں صفائی کیلئے قائم ویسٹ منیجمنٹ کمپنیوں کے بورڈز آف ڈائریکٹرز کو تحلیل کردیا گیا ہے۔جن میں لاہور،راولپنڈی،فیصل آباد،گوجرانوالہ،سیالکوٹ سمیت سات اضلاع شامل ہیں۔راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئر مین ایم پی اے راجہ حنیف تھے۔جبکہ ارکان میں میئر راولپنڈی سردار نسیم،ایم این اے طاہرہ اورنگزیب،حنیف عباسی،ملک شکیل اعوان،سمیت ڈیڑھ درجن کے قریب ارکان تھے۔ذرائع کےمطابق پہلے بلدیاتی نمائندوں کے نہ ہونے کے باعث ایم این ایز ،ایم پی ایز ، سینیٹرز اور ٹکٹ ہولڈرز کو بورڈ آف ڈائریکٹرز میں رکھا گیا تھا۔اب بلدیاتی نمائندوں کو ان کی جگہ ایڈجسٹ کیا جائے گا۔تاکہ مقامی قیادت اپنے اپنے گلی محلوں میں صفائی انتظامات کو نہ صرف اچھے طریقے سے چلائے بلکہ اس کی ذمہ دار بھی ہوگی۔نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کیلئے ڈپٹی کمشنرز سے نام مانگ لئے گئے ہیں۔33فیصد کوٹہ خواتین ممبران کا ہوگا۔