ایبٹ آباد ( نمائندہ خصوصی) 26 فروری ایبٹ آباد کو سیاحتی کانفرنس کے موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی متوقع آمد کے موقع پر ضلع ناظم سردار شیر بہادر نے علاقے کے حقوق کیلئے احتجاج اور شہر کو بند کرنے کیلئے حلقہ احباب کے ساتھ مشاورت شروع کر دی اس سلسلے میں وہ ضلع ، تحصیل وویلج کونسلزارکان، تاجروں ، وکلاء ، صحافیوں اور سول سوسائٹی سے مشاورت کرینگے ۔ ضلع ناظم سردار شیر بہادر نے کہا کہ ایبٹ آباد بائی پاس منصوبے سمیت متعدد ترقیاتی منصوبوں پر ضلع کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا اس کے علاوہ صوبائی حکومت نے بلدیاتی اداروں کو حقیقی معنوں میں بااختیار نہیں کیا اور ان کے حقوق تاحال دبا رکھے ہیں ۔ بلدیاتی اداروں کو ترقیاتی فنڈز کا 50%حصہ دیا گیا اور باقی ماندہ صوبائی حکومت خود استعمال کر رہی ہے جس سے ضلع کی محرومیوں میں اضافہ ہوا وزیر اعلیٰ کے متعدد دوروں کے موقعوں پر درجنوں ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات کئے گئے لیکن ان پر کسی قسم کا عمل درآمد نہیں ہوا ۔