اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر منصبوبہ بندی‘ ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے نے پاکستان کو سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے ایک تاریخی موقع فراہم کیا ہے اور اگر ہم نے یہ موقع ضائع کر دیا تو آنے والی نسلیںہمیں معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا ملک کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے اور اس کا تاثر بہتر بنانے کے لئے مثبت امیج اور بیانیہ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ یہ مثبت بیانیہ خود اعتمادی اور مثبت سوچ سے پروان چڑھایا جاسکتا ہے۔ ملک کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے سے ہی یہ مثبت بیانیہ دیرپا ہوگا۔ احسن اقبال نے ان خیالات کا اظہار کامسٹس اسلام آباد میں دیئے گئے ایک لیکچر میں کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ سیاسی استحکام اور پالیسیوں میں تسلسل ملک کی ترقی کے لئے از حد ضروری ہے۔