چندی گڑھ (جنگ نیوز) بیلجیئم کے جان جان ڈوہمین اور ہالینڈ کی نائومی وان ایس کو2016کے بہترین مرد اور خاتون ہاکی کھلاڑی کا ایوارڈ دیا ہے۔ ہاکی کا آسکر کہے جانے والے ایوارڈز کی تقریب جمعرات کو بھارت کے شہر چندی گڑھ میں ہوئی۔ دلچسپ بات ہے کہ میزبان ملک کو کوئی کھلاڑی ایوارڈ حاصل نہ کرسکا۔ انٹرنیشل ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام تقریب میں ایوارڈز کیلئے بھارت کے کپتان اور گول کیپر پی آر شری جیش اور نئے ٹیلنٹ کی کیٹگری میں هرمن پريت سنگھ شامل تھے، لیکن ان کی جھولی خالی ہی رہی۔ ایوارڈ میلے میں ہاکی کی تاریخ میں پہلی بار بہترین کھلاڑی، گول كيپر، ابھرتے ہوئے اسٹار، کوچز اور امپائروں کو بھی ایوارڈ دیے گئے۔ برطانیہ کی میڈی ہنچ کو بہترین خاتون گول کیپر کا ایوارڈ ملا۔ آئرلینڈ کے ڈیوڈ ہارٹی مسلسل دوسری بار سال کے بہترین مرد گول کیپر منتخب ہوئے۔ بیلجیئم کے ڈومین اور آرتھر وان ڈورین کو سال کا بہترین نوجوان پلیئرز قرار دیا گیا، خواتین میں یہ ایوارڈ ارجنٹائن ماریا گراناٹو کو ملا۔