سڈنی،آکلینڈ (جنگ نیوز)بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور انکی سوئس جوڑی دار مارٹینا ہنگزنے سڈنی انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ کرمسلسل 28 فتوحات کا ریکارڈ برابر کردیا۔ویمنز سنگلز میں سیمونا ہلیپ اور روس کی معروف ٹینس اسٹار کزنٹسوانے لاسٹ فور میں رسائی حاصل کرلی۔ کارولینا پالیسکوا اور اٹلی کی سارایرانی کا قصہ تمام ہوگیا۔ مردوں کے مقابلوں میں نکولس ماہوٹ اورجریمی چارڈے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔جویلفرائیڈ سونگا،جان اسنر،فابیو فو گنینی ، ڈیوڈ فیرراور کیون اینڈرسن نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ آسٹریلیا میں جاری ایونٹ میں بدھ کو کھیلے گئے ویمنز ڈبلز ایونٹ کے کوارٹر فائنل میچ میں بھارت کی ثانیہ مرزا اور ان کی سوئس جوڑی دار مارٹینا ہنگز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شوائی پینگ اور انکی ہم وطن جوڑی دار لیانگ چن پر مشتمل چینی جوڑی کو 6-2 اور 6-3 سے زیر کر کے ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی ہے۔ اس فتح کے ساتھ انہوں نے ڈبلز ایونٹ میں مسلسل 28فتوحات کا ریکا رڈ بھی برابر کردیا۔ ویمنز سنگلز ایونٹ کے کوارٹر فائنل میچ میں رومانیہ کی سیمونا ہلیپ نے جموریہ چیک کی کارولینا پالیسکوا کو 6-4 اور 7-5 سے ہرا یا۔یک اور میچ میں روس کی نامور ٹینس اسٹار سوتیلانا کزنٹسوا نے اٹلی کی سارا ایرانی کو 7-6(7-1) اور 6-0 سےواپسی کا پروانہ تھما دیا۔ مینز سنگلز میں دوسرے راؤنڈ میچ میں فرانس کے نیکولس ماہوٹ نےاٹلی کے ففتھ سیڈڈ اینڈرس سیپی کو گھر بھیج دیا۔ادھرفرانس کے ہی جریمی چارڈے نے آسٹریلیا کے دک ورتھ کیخلاف کامیابی حاصل کی۔ دریں اثناآ کلینڈ میں جاری ٹینس ٹورنامنٹ میں پاکستان کے اعصام الحق اوربرطانیہ کےجانتھن مرے ڈبلزایونٹ کے افتتاحی مقابلوں میں امریکی جوڑی ایرک بوٹوراک اوراسکاٹ لپسکےکے ہاتھوں شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔