• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کوپاناماکیس سے نقصان پہنچا،اخلاقی طور پر کیس جیت چکے، شیخ رشید

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ’’جیوپاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیداحمد نے کہا کہ حکومت کو پاناما کیس سے بہت نقصان پہنچا،اخلاقی طور پر کیس جیت چکے ہیں، پاناماکیس کا فیصلہ انشاء اﷲ تاریخی انصاف پرمبنی اور قانونی آئے گا اورساری قوم اس فیصلے کی منتظر ہے۔وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہاکہ جمعرات کو لاہور میں دھماکے کے بعد افواہوں کی وجہ سے تحقیقات میں تاخیرہوئی۔ نمائندہ خصوصی جیونیوز افضل ندیم ڈوگر نے کہا کہ دہشت گردی کی نئی لہر سے نمٹنے کے لئے سندھ پولیس کی کوئی تیاری نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ میں نے 126 دن تحریک انصاف کے دھرنے میں ا ور126 دن پاناماکیس کی سماعت کے دوران حاضری میں لگائے۔ شیخ رشیدنے کہاکہ حکومت کو جتنا نقصان دھرنے سے نہیں ہوا اتنا ان126دن پاناماکیس میں ہوا ہے جوکسی سیاستدان یا سیاسی پارٹی کا کام نہیں تھا یہ سوموٹواﷲ تعالیٰ نے لیا۔ شیخ رشیداحمدنے کہا کہ حکومت نے پاناماکیس سے بچنے کے لئے ہرطریقے اپنائے حامد میر، ایکسپریس اورثناء بچہ کوانٹروزیودیئے لیکن ان سے حکومت کو الٹا نقصان ہی پہنچا۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشیدنے کہا کہ پاناماکیس میں جج نے371 سوالات کئے ہیں سرکاری وکلاء سے جن میں سے ایک کابھی جواب نہیں دے سکے ۔  ایک اور سوال کے جواب میں شیخ رشیدنے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ پاناما کیس کے فیصلے سے عمران خان نے کیا امیدیں لگارکھی ہیں لیکن جوبھی فیصلہ آئے گا سب کوقابل قبول ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ مجھے اورپوری قوم کو کیس کی سماعت کرنے والے ججز پر بھروسہ اوریقین ہے اورفریقین ان ججز پر اعتبار اوران کی قابلیت کوسراہتی ہیں۔ ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کیس کافیصلہ کچھ بھی آئے پاکستان میں کوئی سیاسی نقصان نہیں ہوتاسارے کیسز ٹی وی پر لڑے جاتے ہیں۔ ایک اورسوال کے جواب می انہوں نے کہا کہ عوام میں ہم اخلاقی، سماجی اورسیاسی طورپریہ کیس جیت چکے ہیں اور اب بس قانونی فیصلہ آنا ہے۔  دہشت گردی کی موجودہ لہر اور سندھ پولیس درپیش نئے چیلنجز پر گفتگو کرتے ہوئے نمائندہ خصوصی جیونیوز افضل ندیم ڈوگر نے کہا کہ دہشت گردی کی نئی لہر سے نمٹنے کے لیے سندھ پولیس کی کوئی تیاری نہیں ہے۔ پچھلے دوتین سال میں  امن وامان کی بہتری کا کریڈٹ پاکستان رینجرز کو جاتا ہے ، دوسری جانب ہمارے خفیہ اداروں کی سرگرمیوں کا کراچی کا امن بحال کرنے میں کافی عمل دخل تھا۔ انھوں نے کہا میں پولیس کو کریڈٹ نہیں دوں گا وہ اس لئے کہ جب دوسرے اداروں نے دہشت گردوں کو پولیس کے حوالے کیا تو پولیس کی جانب سے کوئی خاص سرگرمی دیکھنے میں نہیں آئی کہ اس دہشت گرد کو کوئی سزا دلاسکی ہو۔شہرمیں حالیہ پولیس مقابلوں پر اظہارخیال کرتے ہوئے افضل ندیم ڈوگر نے کہا پولیس کی یہ سب سے بڑی ناکامی ہے کہ وہ کچھ بھی ثابت نہیں کرپارہے۔ دہشت گردوں کے مارے جانے کے بعد سے اب تک دہشت گرد نامعلوم ہیں۔ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پولیس کی کوئی تیاری نہیں ہے۔آئی جی سندھ پولیس میں جان ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ڈیفنس لاہور دھماکے کی تحقیقات میں پیش رفت پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہاکہ فرانزک لیبارٹری کی رپورٹ کے آنے کے بعدہی تعین کیا جا سکے گا کہ دھماکا کس نوعیت کا تھا۔ انھوں نے کہا کہ جمعرات کو دھماکے کے بعد افواہوں کی وجہ سے تحقیقات میں تاخیرہوئی۔ سپر لیگ کے لاہور میں فائنل کے حوالے سے رانا ثناء نے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب کی صدارت میں میٹنگ میں حتمی فیصلہ کرلیا جائے گا۔ پی سی بی اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے مشترکہ تجویز کی بناء پر ہی لاہور میں پی ایس ایل فائنل کا فیصلہ کیا جائے گا۔دہشت گردی کی بنیادی وجہ نوجوان نسل کی ناقص رہنمائی ہے اس پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہ کیئرئیر کونسلر سید اظہر حسنین عابدی نے کہا ہم سب جانتے ہیں کہ پاکستان کی 18کروڑ آبادی میں سے ساٹھ فیصد نوجوانوں پرمشتمل ہے ان کی ا گر بروقت رہنمائی کی جائے تو انھیں جرائم اور دہشت گردی سے دور کیا جاسکتا ہے۔ انھوں نے کہا ہمیں اپنی یونیورسٹیوں کی تعداد میں اضافہ کرنا پڑے گا جو طالب علم پڑھائی میں کمزور ہیں انھیں بھی موقع دینا پڑے گا۔ کمزور طالب علم کے لیے بھی کوئی نہ کوئی مواقع ہونے چاہئیں تاکہ وہ بھی اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ ان کواس طرح کی فنڈنگ دیں جو قرض نہ ہو، ان کو اس طرح کی سرگرمیوں میں لایا جائے جیسا کہ تجارت وغیرہ۔ ووکیشنل کورسز کے زریعے  ان کو روزگارہ کے مواقع دیں، تعلیم کے حصول کے مواقع دیں تاکہ یہ طبقہ ایسی راہ پر لگے جوپاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرسکیں ۔سینئر اسپورٹس رپورٹر عبدالماجدبھٹی نے کہا کہ پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کامعاملہ ابھی تھمانہیں مزیدکچھ نئے نام سامنے آنے والے ہیں گزشتہ رات برطانیہ میں اسی حوالے سے ایک گرفتاری ہوئی ہے ۔
تازہ ترین