فیصل آباد(ایجنسیاں)ن لیگ نے کہا ہے کہ شاہ محمود کا دربار اوقاف میں جائے گا،وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان کے دوست جہانگیر ترین کسانوں کا خون چوس رہے ہیں اور چیئرمین تحریک انصاف ان کے منشی بن کر دفاع کررہے ہیں،پاناما کیس میں ہم سپریم کورٹ سے سرخرو ہوکر نکلیں گے، شاہ محمود قریشی جعلی پیر اور مخدوموں کے ڈبل شاہ ہیں، شیخ رشید موٹر سائیکل پر گھومتے تھے ، جائیداد کہاں سے آئی انہیں لال حویلی سے گھسیٹ کر باہر نکالیں گے، دہشتگرد جہاں بھی ہے وہ عوام کا دشمن ہے، فوجی عدالتوں اور ملک میں جاری آپریشن ملک میں خوشحالی اور بہتری کیلئے ہے۔ہفتہ کو فیصل آباد فیسکو ہیڈ کوارٹرمیں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے عابدشیرعلی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن)نے 3 نسلوں کا حساب دیا لیکن عدالتوں میں عمران خان نے کوئی بھی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا، عمران خان اپنے حواریوں کے کہنے پر سیاستدانوں اور قومی اداروں پر بغیر شواہد کے الزمات لگاتے ہیں جب کہ وہ خود اشتہاری ملزم ہیں اور ان کے اشتہارات عدالتوں میں جا بجا لگے ہوئے ہیں۔