سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ سکھر شہر کی بہتری کیلئے ایس ڈی اے کے پلیٹ فارم سے مثبت اور تعمیری انداز سے جدوجہد جاری ہے، سکھر شہر کی تعمیر و ترقی کے نام پر اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود آج بھی شہری انتہائی بدبودار پانی پینے پر مجبور ہیں، شہر بھر میں گندگی کچرے ، غلاظت کے ڈھیروں نے عوام کو شدید پریشانی سے دوچار کیا ہوا ہے، سکھر شہر کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کیلئے ایس ڈی اے کا اجلاس26فروری کو جامعہ غوثیہ رضویہ میں ہوگا۔ جس میں شہر کی بہتری کیلئے اہم فیصلے کئے جائیں گے ۔اس موقع پر جے یو پی کے مرکزی رہنما مشرف محمود قادری کی جانب سے ایس ڈی اے کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جائے گا۔ وہ اپنے دفتر میں ایس ڈی اے رہنماؤں سے بات چیت کررہے تھے۔ حاجی محمد جاویدمیمن نے کہا کہ سکھر شہر کے مسائل کے حل کیلئے نکلے ہیں اور جب تک شہر یوں کے درپیش مسائل حل کر کے شہر کی بہتری کیلئے اقدامات نہیں اٹھائے جاتے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ 26فروری کو ہونیوالے اجلاس میں شہری مسائل پر احتجاجی تحریک کو تیز کرنے کے سلسلے میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔