سرگودھا (نمائندہ جنگ) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھا نے ڈیرہ کامرانہ کو سوئی گیس فراہمی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این اے 65 میں 70 سے زائد دیہات کو سوئی گیس کی فراہمی ممکن بنائی جارہی ہے جبکہ علاقہ میں متعدد میگا پراجیکٹس تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں ۔حلقہ کو ماڈل اور مثالی بنانا میری سیاست کامشن ہے جوہرحال میں پورا کریں گے۔انہوں نےکہا کہ دہشت گردوں اور اُن کے سہولت کاروں کو مسلم لیگ (ن) کی حکومت صفحہ ہستی سے مٹا کر ملک کو امن وامان کا گہوارہ بنائے گی ۔آپریشن ردالفساد پاکستان کا مستقبل تابناک بنائے گا ۔ حالیہ دہشت گردانہ حملے پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کی مذموم سازش ہے ۔خون کی ندیاں بہانے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں ۔ اس موقع پر مہر لیاقت علی ہرل، مہر بشیر ہرل، محمد نواز ہرل، مظہر حسین ہرل اور سیف اللہ ہرل اور مہر فلک شیر مارتھ نے بھی خطاب کیا۔