سکھر (بیورو رپورٹ)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشیدا حمد شاہ نے زیر تعمیر جامع مکرانی مسجد بندر روڈ کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سکھر میرا شہر ہے اور بحیثیت خادم میں اپنی خدمات انجام دیتا رہوں گا، شہرکی ترقی کے لئے ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے اور کرتا رہوں گا۔ زیر تعمیر جامع مکرانی مسجد سکھر کی شاندار مسجد ہوگی جو کہ شہریوں کے لئے ایک شاندار تحفہ ہوگا، اس کی تعمیر میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے ، مسجد اللہ کا گھر ہے اس کی تعمیر جتنی اچھی طریقے سے کی جائے وہ بھی کم ہے۔ اس موقع پر مفتی محمد چمن زمان، مشرف محمود قادری اور کمیٹی کے دیگر اراکین موجود تھے۔ قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے مسجد کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا تو مسجد کمیٹی نے انہیں تعمیراتی میں کوتاہی کی نشاندہی کی جس پر سید خورشید احمد شاہ نے متعلقہ انجنیئراور ذمہ داران پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسجد کے کام میں کسی قسم کی غفلت یاکوتاہی برادشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مسجد کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے آغاز پر جو بھی پہلا جمعہ آئے گا اس جمعہ کو مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا اور نماز جمعہ ادا کی جائے۔مسجد کمیٹی نے سید خورشید احمد شاہ کے مسجد کے دورے اور تعمیراتی کام کے جائزہ لینے کے اقدام کو سراہا۔