پشاور ( نیوز ڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے پنجاب حکومت کی جانب سے پنجاب میں پختونوں کی پکڑ دھکڑ اور انکے ساتھ نا روا سلوک کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کے نسلی بنیادوں پر کسی پر عر صہ حیات تنگ کرنے کے منفی نتائج سامنے آ سکتے ہیں اور نفرتیں جنم لے سکتی ہیں۔پختون قوم ایک غیرتمند اور بہادر قوم ہے جنہوں نے تحریک پاکستان میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے اور انکی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن رد الفساد کی آڑ میں پختونوں کے ساتھ ناروا سلوک کرنا انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اخباری بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ پختون بھی پاکستان کے دوسرے شہریوں کی طرح محب وطن شہری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کے رہائشی ہمارے لئے قابل احترام ہیں اور خیبر پختونخوا میں انکے ساتھ اخوت اور بھائی چارے کا سلوک کیا جاتا ہے،وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پختون اور دہشتگرد کے درمیان فرق کو سمجھنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ہر پختون دہشتگرد نہیں ہے اور نہ ہی ہر دہشتگرد پختون ہے ، دریں اثناء کیبنٹ روم سول سیکرٹریٹ پشاور میں سال 2016-17کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے شش ماہی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ مالی نظم و ضبط ، وسائل کی منصفانہ تقسیم ، ترقیاتی حکمت عملی میں اہداف کا حصول اور عوامی فلاح قومی نوعیت کے عوامل ہیںجو قوموں کو اُٹھاتی ہے اُن میں یہ شعور پید اکرتا ہے کہ وسائل اُنہیں کی ترجیحات پر خرچ ہو تے ہیں ان میں شفافیت ہوتی ہے اور عوامی فلاح کا عنصر نمایاں رہتا ہے ۔ایسے اقدامات قوموں میں اعتماد پیداکرکے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کاراستہ دیتے ہیں،سینئر صوبائی وزراء سکند ر حیات خان شیرپائو، شہرام خان تراکئی اور عنایت اﷲ ،صوبائی وزراء مظفر سید ، شاہ فرمان، محمد عاطف ، مشیر مواصلات اکبر ایوب، رکن صوبائی اسمبلی میاں خلیق الرحمن، چیف سیکرٹری عابد سعید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعظم خان، محکمہ خزانہ ، آبپاشی، سی اینڈ ڈبلیو، بلدیات، معدنیات ،داخلہ اور دیگر تمام متعلقہ محکمہ جات کے سیکرٹریز و افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں 2016-17کی اے ڈی پی سے متعلق مالیاتی کارکردگی اور فنڈ کی سہ ماہی و شش ماہی بنیادوں پر استعمال کا جائزہ لیا گیا جبکہ اس موقع پر صوبے کی شعبہ جاتی کارکردگی اور ترقیاتی پروگرام کے سلسلے میںبیرونی امدا دکے فنڈز کے استعمال کے بارے میں بھی سیر حاصل گفتگو اور مختلف شعبوں میں اے ڈی پی سکیموں پر ہونے والی پیش رفت ، وسائل کی فراہمی اور خرچ ، اہداف کا حصول اور ابھی تک کی سکیموں پر ہونے والے عمل درآمد پر شعبہ وار بریفینگ دی گئی،ادھر محکمہ معدنیات کی جانب سے صوبے میں سیمنٹ کی صنعتوں کے قیام کی حوالے سے ایک ورکشاپ کی صدارت کرتے ہوئےوزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت شفافیت اور میرٹ پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ اندرون و بیرون ملک سرمایہ کار بھی خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں، ورکشاپ کے شرکاء میں، وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل کے چیئرمین دلروز خان، سیکریٹری ظہیرالسلام، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ محمد اسرار خان، ڈائریکٹر جنرل معدنیات اور دیگر اعلیٰ حکام کے علاوہ صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کی ایک کثیر تعداد موجود تھی ،واضح رہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے لیزنگ کیلئے ایک خصوصی ورکشاپ کا اہتما م کیا گیا جس میں سرمایہ کاروں کو خصوصی طور پر دعوت دی گئی تھی جس میں سرمایہ کاروں کوعملی طور پر لیزنگ کے حوالے سے ایک بریفینگ دی گئی۔ درخواست دہندگان نے لیز نگ کے پورے عمل کی شفافیت دیکھی ۔ سرمایہ کاروں نے اس موقع پرصوبائی حکومت کے میرٹ اور شفافیت کو اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ خیبرپختونخوا حکومت کس طرح اچھی حکمرانی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے،وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکمے کو ہدایت کی کہ صوبے میں سیمنٹ پلانٹس کے قیام کیلئے سرمایہ کاروں کو بہت سے بہتر سہولت فراہم کی جائیں ۔