نئی دہلی، کراچی (پی پی آئی، اسٹاف رپورٹر) بھارتی کپتان چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان سے ہارکا زخم نہ بھولا سکے۔ بھارتی ہاکی ٹیم کے کپتان سردار سنگھ نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو چیمپئنز ٹرافی کی اپنی حرکت کے لئے پہلے معافی مانگنی چاہیے جس کے بعد ہی ان کے ہاکی انڈیا لیگ میں کھیلنے کے بارے میں سوچا جا سکتا ہے۔ مڈفیلڈر سردار نے کول انڈیا ہاکی لیگ (ایچ آئی ایل) کے 18جنوری سے شروع ہونے والے چوتھے ایڈیشن کے لئے منعقد تمام چھ ٹیموں کے کپتانوں کے پریس کانفرنس میں پاکستانی کھلاڑیوں کو ایچ آئی ایل میں موقع دیئے جانے کے تناظر میں کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے چیمپئنز ٹرافی میں جو حرکت کی تھی اس کے لئے انھوں نے ابھی تک معافی نہیں مانگی ہے۔ جب تک وہ معافی نہیں مانگ لیتے تب تک ان کو ایچ آئی ایل میں کھیلنے کے بارے میں کوئی غور نہیں کیا جا سکتا۔ بھارتی کپتان کے اس بیان کے بعد میڈیا میں نئی بحث چھڑ گئی ہے چیمپئنز ٹرافی میں حصہ لینے والی پاکستانی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ سابق اولمپئن شہناز شیخ نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کپتان کو خود اپنی غلطی پر معافی مانگنا چاہئے جو انہوں نے انچیون کوریا میں ایشین گیمز کے فائنل میں پاکستان کے خلاف کامیابی پر کی تھی۔ انہوں نے کہا چیمپئنز ٹرافی کے واقعہ کے بعد پاکستانی ٹیم انتظامیہ اور پی ایچ ایف کی جانب سے کی جانے والی کارروائی پر انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن نے اطمینان کا اظہار کیا جس کے بعد یہ معاملہ ختم ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بھارتی کپتان کا اس ایونٹ میں اپنے ہوم گرائونڈ پر پاکستان کے ہاتھوں شکست کا غم ابھی تک تازہ ہے۔ شہناز شیخ نے کہا کہ وہ بھارتی کپتان کی بطور کھلاڑی بہت زیادہ عزت اور احترام کرتے ہیں،شہناز شیخ نے کہا کہ بھارتی ہاکی فیڈریشن اپنے کپتان سردار سنگھ کے بیان کا نوٹس لے اور ان کے خلاف ایکشن لے۔