بہاول پو(سٹی رپورٹر)بہاولپور ضلع میں مردم و خانہ شماری 2017ء دو مرحلوں میں مکمل کی جائے گی۔ پہلا مرحلہ15مارچ سے شروع ہو کر 14 اپریل کو ختم ہوگا جبکہ دوسرا مرحلہ25اپریل سے25 مئی تک ہوگا۔ اس سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر رانا محمد سلیم افضل کی زیر صدارت دفتر کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں پاک فوج کے افسران، میئر میونسپل کارپوریشن عقیل نجم ہاشمی،ڈی پی او اشفاق احمد خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نوشین ملک، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، چیف آفیسر شماریات ریاض احمد، کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر ظفر محمود اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر رانا محمد سلیم افضل نے افسران سے کہا کہ مردم و خانہ شماری کے تمام امور نہایت ذمہ داری کے ساتھ بروقت مکمل کئے جائیں، چیف آفیسر شماریات ریاض احمد نے بتایا کہ مردم و خانہ شماری 2017 ء کے پہلے فیز میں بہاول پور ضلع میں 2671بلاک اور318سرکل ہیں جبکہ1908 سٹاف ذمہ داری کی ادائیگی کے لئے مامور کیا گیا ہے جبکہ دوسرافیز چولستان کے علاقہ پر مشتمل ہے جہاں فیلڈ میں 25 اپریل سے25 مئی تک ٹیم کام کرے گی۔ اس فیز میں 985 بلاک اور103 سرکل ہیں۔ اس مہم کے دوران484 ملازمین اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔