• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردان، اشارے پر نہ رکنے والے شہری کو پولیس نے گولیوں سے بھون ڈالا

مردان(نمائندہ جنگ) مردان مال روڈ پر ضلع کچہری کے قریب  اشارے پر نہ رکنے والے شہری کوپولیس نے گولیاں مار کر ہلاک کردیا ۔ واقعے کے خلاف جان بحق شہری کے ورثاء نے شدید  احتجاج کرتے ہوئے پریس کلب کے سامنے لاش رکھ کر روڈ بلاک کرد یا اور پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔پولیس کے مطابق جمعرات کو صبح  ساڑھے نوبجے   مال روڈ پر ایک سائیکل سوار ریڈ زون میں داخل ہوگیا جسے پولیس نے دیکھ کر رکنے کا اشارہ کیا تاہم وہ نہ رکا جس کے بعدایلیٹ فورس اوربکتر بند کو طلب کرکے سائیکل سوار کا  تعاقب کیاگیا پولیس حکام کے مطابق بکتر بند نے سائیکل  سوار40سالہ اولس خان کو ٹکر مار کرگرایا۔ جس پر مقتول ہڑبڑا گیا اور اٹھتے ہی جی پی او کی طرف  دوڑا جس پر پولیس نے  اسے بمبار سمجھ کرفائرنگ کردی جس سے شہری متعدد گولیاں لگنے سے  زخمی ہوگیا  اسے  حراست میں لے کر ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچا یا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا واقعے کے بعد بم ڈسپوزل سکوا ڈ کو طلب کرلیاگیا۔پولیس کے مطابق نوجوان  کی سائیکل پر گٹھڑی بندھی  تھی۔ جاں  بحق  اولس خان ولد انارگل  ضلع نوشہرہ کے علاقہ شیرین کوٹھے کا رہائشی ہے۔ مقتول کے ورثاء نے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش اٹھاکر پریس کلب کے سامنے رکھ کر احتجاج کیا اورپولیس کے خلاف نعرے  بازی کی۔ اولس خان کے بھائی نیاز محمد کاکہناتھاکہ اس کا بھائی گذشتہ بیس سال سے کپڑے کے کاروبار سے وابستہ تھا اور وہ شاہین مارکیٹ سے کپڑے لے کر سائیکل پر فروخت کرتا تھاوقوعہ کے وقت وہ شاہین مارکیٹ جارتھا پولیس کا اشارہ نہیں سمجھا  انہوں نے مطالبہ کیاکہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے اہلکاروں کو گرفتارکیاجائے بعدازاں مقتول کی لاش کو باچا خان چوک میں رکھ کر نوشہرہ روڈ کو ہر قسم ٹریفک کے لئے بند کردیا اس موقع پر ضلع ناظم اعلیٰ حمایت اللہ مایار نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی اورجو بھی اس ملوث پایاگیا اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
تازہ ترین