ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں حکومت کے شیڈول کےبرعکس لوڈشیڈنگ نے گھریلو اور کمرشل صارفین کو پریشانی سےدوچار کردیا ہے۔ جنوبی پنجاب کے شہروں میں تین گھنٹے کے بجائے 6 گھنٹے تک بجلی بند کی جارہی ہے۔ جنوبی پنجاب کےبیشتر دیہی علاقوں کو ہائی لاس فیڈرز کی کیٹگری میں ڈالٹے ہوئے 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ جس سے خطے کے بیشتر علاقوں میں رات ساڑھے دس بجے سے ساڑھے چھ بجے تک فیڈرز کو بند کیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں جنوبی پنجاب کے 13 سو میگا واٹ بجلی کی پیداواری صلاحیت کا حامل تھرمل پاور سٹیشن ( ٹی پی ایس) مظفر گڑھ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے بند ہے۔ جس سے حکومت اور وزارت پانی وبجلی کی جنوبی پنجاب سے عدم دلچسپی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ مظفر گڑھ ضلع سمیت جنوبی پنجاب بجلی کے بدترین بحران سے دوچار ہے۔ ذرائع کےمطابق پبلک سیکٹر میں سب سے بڑے پاور ہاؤس کو بجلی کی ضرورت نہ ہونے کا جواز بنا کر بند رکھا گیا ہے۔ افسر اور ملازمین تمام مراعات اور سہولیات حاصل کررہے ہیں۔ جبکہ پاور ہاوس کی بندش سے صارفین کی بہت بڑی تعداد بری طرح متاثر ہورہی ہے۔