لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔پی ایس ایل سے یہ سمجھ لینا کہ ہم نے دہشت گردوں کو شکست دے دی ہے اور امن بحال ہوگیا ہے خود فریبی کے سوا کچھ نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ کے اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کھیل کھیل ہوتا ہے اس سے قوموں کے درمیان رابطہ اور عوام کیلئے خوشی اور تفریح کا موقع میسر آتا ہے ۔ انہوں نے کہا افغانستان کی طرف سے فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں جس میں پانچ پاکستانی جوان شہید ہوئے ہیں ۔ افغانستان کو اپنے رویہ پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔اشرف غنی کومودی کے ہاتھوں میں نہیں کھیلنا چاہئے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو اپنے مسائل کو مل بیٹھ کر باہمی گفتگو و شنیدسے حل کرنا چاہئے ۔اگر یہ دونوں ممالک آپس میں لڑیں گے تو دونوں کے لئے مسائل پیدا ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کو استعمال کررہا ہے ،افغان بارڈر پر فائرنگ کے واقعات اور دونوں ممالک کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنا بھارت کی شرارت ہے ،ہم مودی کو بھی متنبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی شرارتوں سے باز آجائے اور خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنے کی کوشش نہ کرے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک معاشرے کے پسے ہوئے طبقوں کے مسائل حل نہیں ہوتے محض عورتوں کے حقوق کاایک دن منالینے سے مسائل حل نہیں ہونگے ۔