اسلام آباد(شکیل اعوان‘خصوصی رپورٹر) حکومت پنجاب کی ہدایات کے باوجودراولپنڈی آرٹس کونسل میں ناقص سکیورٹی انتظامات کے باعث وہاں آنے والے طلباء طالبات‘والدین اور ملازمین کی زندگیاں دائو پر لگ گئی ہیں ۔ جنگ کے سروے کے مطابق ان دنوں پرائیویٹ سکولوں کے رزلٹ کی تقاریب کا انعقاد راولپنڈی آرٹس کونسل کے ہال میں ہورہا ہے جبکہ مین گیٹ پر محض دو سکیورٹی گارڈ بغیرچیک کئے گاڑیوں اور لوگوں کو ہال کی جانب رسائی دے دیتے ہیں ۔ مین ہال میں داخلے کیلئے واک تھرو گیٹ لگائے گئے ہیں جو کام نہیں کرتے اور نہ ہی کسی کی تلاشی لی جاتی ہے ۔ ادھر کونسل کے مین ہال کی حالت بھی خراب ہے۔ چھتوں کی سیلنگ ٹوٹی ہوئی ہے جو نیچے بیٹھے ہوئے کسی بھی مہمان کو زخمی کرسکتی ہے جبکہ سیٹیں پھٹی اور ٹوٹی ہوئی ہیں ۔ صفائی کا انتظام بھی ناقص ہے۔ صورتحال سے متعلق جب راولپنڈی آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر وقاراحمد سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ مین ہال کی مرمت اور تزئین و آرائش کیلئے وزارت ثقافت پنجاب کو لکھا ہے اور اُمید ہے کہ سال 2017-18 کے مالی سال میں اس کو ترقیاتی منصوبے میں شامل کرلیا جائے گا جبکہ سیکورٹی معاملات پر وہ کوئی خاطرخواہ جواب نہ دے سکے۔