بہاولپور(سٹی رپورٹر) میئر بہاولپور سٹی عقیل نجم ہاشمی نے کہا ہے کہ بہاولپور کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے لیے تمام محکموں کو مل کر کام کرنا ہے۔ بہاولپور کی صفائی ستھرائی کے نظام کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے یہ بات بی ڈبلیو ایم سی آفس میں کمپنی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے بلائے جانے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سابق چیئرمین بی ڈبلیو ایم سی و سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ن پنجاب سمیع اللہ چوہدری، منیجنگ ڈائریکٹر بی ڈبلیو ایم سی محمدنعیم اختر،کمپنی سیکرٹری محمد اعظم خان کانجو، اسسٹنٹ منیجر کمیونیکیشن سید احسن رضا اورٹی ایم اے آفیسران بھی اجلاس میں موجود تھے، قبل ازیں منیجنگ ڈائریکٹر محمدنعیم اختر نے میئر بہاولپور کو بی ڈبلیو ایم سی کے قیام سے لیکر اب تک کے اقدامات پر بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیاکہ بہاولپور کی آبادی بتدریج بڑھنے کی وجہ سے صفائی ستھرائی کے مسائل میں بھی روز بہ روزاضافہ ہو رہا ہے جس کومدنظر رکھتے ہوئے بی ڈبلیو ایم سی اگلے 25 سال کا ماسٹر پلان تشکیل دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مستقبل کے منصوبوں میں جدید لینڈ فل سائیٹ کا قیام،کوڑا کرکٹ کا سیگریگیشن پلانٹ، ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ اور زیرو ویسٹ سٹی جیسے اہم اقدامات پر ورکنگ جاری ہے۔