سرگودھا(نامہ نگار،نمائندہ جنگ )یونیورسٹی آف سرگودھا میں جشن بہاراں تقریبات کا آغاز ہو گیا ۔اس سلسلے میں یونیورسٹی کرکٹ گراؤنڈ میں خوبصورت رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں 10ہزار سے زائد اساتذہ، طلبا وطالبات ،سٹاف ودیگر نے شرکت کی ۔طلبہ نے ملک کے مختلف خطوں کے کلچر ، جمناسٹک ،پی ٹی شواورصوفی میوزک سے حاضرین کو محفوظ کیا۔تقریب کی مہمان خصوصی چیئرپرسن ضلع خوشاب سمیرا ملک ،مہمانان اعزاز وائس چانسلرڈاکٹر اشتیاق احمد ،میئر ملک اسلم نوید ، ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز نےتقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت پوری دنیا میں ایک ابھرتی ہوئی قوم ہے جس کی سب سے بڑی وجہ یہاں کے باصلاحیت اور ہنرمند نوجوان ہیں جن کی منزل پاکستان کی ترقی اور استحکام ہے۔ہمیں منفی رویے اور تنقید کو ختم کرکے آگے بڑھنا ہے ۔ہمیں اپنے خوابوں کی تعبیر کے لئے بھرپور جدوجہد کرنا ہو گی جس کے لئے اپنے آپ کو ہر وقت منظم اور باہمت بنانا ہو گا ۔ یونیورسٹی آف سرگودھا علاقے کے لئے کسی بہت بڑے معاشرتی اور معاشی انقلاب سے کم نہیں ۔تقریب کی خاص بات چاچا کرکٹ کی تقریب میں شرکت تھی ۔