کراچی (جنگ نیوز) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ ڈمی شیخ رشید احمد سے دلچسپ اور یادگار ملاقات جمعرات کو ”جیونیوز“کےپروگرام ”خبرناک“ میں ہوگی۔ ”جوتا کلب“ کے ممبر بننے والے (ڈمی) شیخ رشید نے کہا کہ زرداری اور مشرف پر جوتا اچھالا گیا تھا مجھے باقاعدہ مارا گیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ لال حویلی کے 10کلومیٹر تک جوتا پہننے پر پابندی لگادی گئی ہے۔ پارلیمنٹ اور کے پی کے میں مارے گئے چوہوں کے حقوق کیلئے بھی شیخ رشید نے کمر کس لی۔ پاکستان سپرلیگ کے حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی بیوی کا زیور بیچ کر فائنل میچ دیکھا۔میچ کے دوران مجھے ٹی وی پر نہ دکھانا تخت لاہور کی سازش ہے۔ ”خبرناک“ میں ڈمی شیخ رشید کی برابر والی نشست پر موجود ایک شخص نے انکشاف کیا کہ اِنہوں نے میرے لیڈروں کو آنکھیں دکھائیں اس لئے جوتا مارا۔ اُنہوں نے بتایا کہ میری شناخت ”لکھ پتی “ اور شوق ”جوتے “ مارناہے۔ میر محمد علی کی خوبصورت پیروڈی اور عائشہ جہانزیب کی میزبانی میں طنز و مزاح سے بھر پور پروگرام رات11 بجکر5منٹ پر نشر کیا جائے گا۔