لاہور(نمائندہ جنگ)امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے امیر جماعت اسلامی و ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر عبدالرشیدترابی نے اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر سمیت اہم امور پر تبادلہ ہوا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قومی کانفرنس میں مشاورت کے بعد مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور جامع حکمت عملی تشکیل دینے کے لیے ایجنڈا حکومت پاکستان کو ارسال کر دیا ہے ،حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے فوری طور پر با صلاحیت اور تجربہ کار وزیر خارجہ کا تقرر کرے جو عالمی سطح پر کشمیر کے حوالے سے سفارتی سرگرمیوں کو منظم کرے ۔OICکا سربراہی اجلاس مسئلہ کشمیر پر اسلام آباد میں بلوایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں بڑے پیمانے پر ہندوستان مظالم ڈھا رہا ہے حکومت اور پاکستانی سفارت خانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان مظالم کو دنیا بھر میں بے نقاب کریں اگر ایسا نہیں ہو گا تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو ان کا بنیادی اور پیدائشی حق، حق خودارادیت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جلد دیا جائے ۔ پاکستان کے 20کروڑ عوام کشمیریوں کی آزادی میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان آزاد کشمیر حکومت کو NFCایوارڈ میں صوبوں کے برابر حصہ دے،پن بجلی کے منصوبوں میں بھی کشمیریوں کو حصہ دیا جائے متاثرین زلزلہ کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے جو رقم منتقل ہوئی ہے وہ بھی واپس کی جائے اور حکومت پاکستان فراخ دلانہ طور پر مزید امداد بھی آزاد کشمیر حکومت کودے تا کہ آزاد کشمیرکے مسائل حل ہوں، تعمیر و ترقی تیز ہو، سکول کالجز اور ہسپتال بن سکیں ۔اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے انہیں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا۔