ملتان (سٹاف رپورٹر)تحریک انصاف کے رہنمااور سجادہ نشین دربار غوث بہاء الدین زکریاؒ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ عشق مصطفیٰ ؐ کے بغیر ایمان نامکمل ہے، سیکولر طاقتیں مسلمانوں کے ایمان پر حملہ کر رہی ہیں، گستاخانہ موادجاری کرنیوالوں کے خلاف بھرپورکارروائی نہ کی گئی توامن و امان کامسئلہ پیداہوسکتاہے۔وہ یہاںسیاسی و سماجی رہنما وسیم فاروقی کے والد شمیم احمدفاروقی کے سالانہ ختم شریف کی محفل سے صدارتی خطاب کررہے تھے۔انہوں نےکہاکہ جسٹس شوکت صدیقی نے عاشق رسولؐ ہونے کا حق ادا کیا، پوری امت محمدیہؐ ان کی بھرپور تائید و حمایت کرتی ہے۔ اس موقع پر علامہ مفتی صفدر شاکر (خانیوال)، ڈاکٹر عمران مصطفی قادری اور راجہ یونس بھٹی نے بھی خطاب کیا جبکہ ایم پی اے حاجی جاوید اختر انصاری ، عثمان بھٹی،شیخ عمران ارشد شیخ ندیم اکبر ، اکبر انصاری، عثمان انصاری، طارق امیر عباسی، شیخ ارسلان رشید، مولانا عبدالحسن، طفیل فاروقی، شکیل فاروقی، ندیم فاروقی، عبدالستار فاروقی ، جبار حسین و دیگر شریک تھے۔ شاہ محمود نے کہاکہ اسلام اور ملک دشمن عناصر دہشت گردی اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کوشاں ہیں لیکن محب وطن قوم اور فوج ان کے دانت کٹھے کرنے کیلئے متحد اور تیارہیں، کرپشن نے ملک کوکھوکھلاکردیا، ذمہ دار حکمران اور ابن الوقت سیاستدان ہیں، تحفظ ناموں رسالتؐ کا قانون سیکولر اور لادینی طاقتوں کو خوش کرنے کیلئے ہرگز تبدیل نہیں کرنے دیں گے۔ آخر میں انہوں نے دعا کرائی۔