اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں جاوید لطیف اور مراد سعید کے درمیان ہونے والے واقعہ کو انتہائی افسوسناک اور غیر مناسب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات کسی صورت قابل قبول نہیں کیونکہ ایسے واقعات کے معاشرے پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ ایک نجی ٹی وی کے ساتھ گفتگو میں انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے اس قسم کی زبان مناسب نہیں۔یہ واقعہ بالکل نہیں ہونا چاہیے تاہم جاوید لطیف نے اپنے ریمارکس کو غیر مناسب قراردینے کا اعتراف بھی کیا لیکن اس کے باوجود مراد سعید نے جس قسم کے ردعمل کا اظہار کیا ہے وہ بھی غیر مناسب ہے بڑے اور چھوٹے میں تمیز ہونی چاہیے اور پھر عمران خان کا کہنا کہ اگر میں ہوتا تو اس سے بھی آگے چلا جاتا یہ بھی کسی صورت مناسب نہیں کیونکہ پارٹی سربراہوں کو معاملات حل کرنے کی بجائے اشتعال انگیز باتیں نہیں کرنی چاہیے ۔ عمران خان کو ایک ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے ۔ آئندہ ایسے واقعات پر اسی صورت میں قابو پایا جاسکتا ہے جب یہ فرد اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔