ملتان(سٹاف رپورٹر) ریجنل پولیس آفس کے فوکل پرسن اے ڈی آئی جی ملک حسن رضا کھاکھی نے کہا ہےکہ ریجن میں موجودبھکاریوں کے خلاف کریک ڈائون میں تیزی لائیں تاکہ ان لوگوں کی حوصلہ شکنی ہو اور وہ بھکاریوں کا پیشہ ترک کرنے پر مجبور ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ اب تک ملتان میں64بھکاریوں کو مقدمات درج کئے گئے ہیں اور64بھکاریوں کو گرفتار کر کے حوالات جوڈیشل بھجوایا گیاہے۔ اسی طرح 15سال سے کم عمر کے 120بھکاریوں کو پکڑ کر چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے کیا گیا ہے اور 69بچوں کو انکے والدین کے حوالے کیا گیا ہے۔ وہاڑی میں 43بھکاریوں کے خلاف جبکہ خانیوال میں 95بھکاریوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ لودھراں میں25بھکاریوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ ریجنل پولیس آفیسر نے متعلقہ افسران کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ وہ پیشہ ور بھکاریوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں، فوکل پرسن اے ڈی آئی جی ملک حسن رضا کھاکھی نے مزید بتایاہے کہ بھکاریوں کی پشت پناہی کرنے والے لوگوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیاہے جن کو عنقریب گرفتار کر لیا جائے گا۔