فیصل آباد (نمائندہ جنگ)وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستانی سیاست کے ریلو کٹے ہیں ،جلسے کئے ، ریلیاں نکالیں یا کیٹ واک کریں انہیں کسی نے روکا نہیں، پی ٹی آئی والے معمولی بات کا بتنگڑ بنا دیتے ہیں اور ہرلڑائی میں کود پڑتے ہیں۔ ریلو کٹے کا لفظ تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق پر بالکل فٹ بیٹھتا ہےجبکہ پی ٹی آئی میں پھٹیچر کا کردار چوہدری سرور ادا کررہے ہیں۔پنجاب میں اربوں کے منصوبے مکمل کئے، کوئی ایک پائی کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکا مگر کچھ لوگ 40 سال پہلے کا حساب مانگ رہے ہیں جس میں وزیراعظم اور ان کا خاندان سرخرو ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کے زیر اہتمام ریسٹورینٹ انوائس مانیٹرنگ سسٹم کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے معاملہ پر مسلم لیگ ن میں بھی اختلاف رائے تھا ، مستقل طور پر نہیں فوجی عدالتوں کی حمایت غیر معمولی حالات میں غیر معمولی اقدام کے طور پر ہوئی۔ سب جماعتیں تین سال کے بجائے دو سال کے دورانیہ پر متفق ہیں ۔ ہماری انسداد دہشتگردی عدالتوں کے سسٹم میں ججز کی سیکورٹی داؤ پر ہوتی ہے۔ پیپلز پارٹی کی شرائط کے مطابق تو فوجی عدالتوں کا کردار ہی ختم ہو جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مراد سعید کے حق میں بیان دے کر تشدد کو پرموٹ کیا۔ بعض اوقات گفتگو میں غلط الفاظ کا چناو ہو جاتا ہے مگر ہاتھ اٹھانےکو دنیا میں کبھی کسی لیڈر نے پرموٹ نہیں کیا عمران خان ہی واحد لیڈر ہیں جنہوں نے اس اقدام کو درست کہا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خیبر پختونخوا کا بیڑہ غرق کردیا ، اسلام آباد میں بیٹھے ریلوکٹےاور ان کی اے ٹی ایم مشین نے صوبے کے جنگلات کاٹ دئیے ، کانیں خالی کردیں اور کرپشن کے ریکارڈ بنائے اب مسلم لیگ ن کی مقبولیت کو روکنے کیلئے پشتونوں کو خوفزدہ کر رہے ہیں کہ پنجاب میں ان کے ساتھ برا سلوک کیا جارہا ہے۔