• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکی سلامتی کو غریب نہیں حکمراں ٹولے سے خطرہ ہے، سراج الحق

پشاور(نمائندہ جنگ) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ قومی دولت لوٹ کر اپنی تجوریاں بھرنا موجودہ اورسابقہ حکمرانوں کا ایک ہی ایجنڈا ہے، ملک کی سلامتی کو غریب نہیں بلکہ کرپٹ اور حکمران ٹولے سے خطرہ ہے جن کے نام اور  پارٹیاں تو مختلف مگر نظریہ اور کردار ایک ہی ہیں اور اسی ٹولے کی وجہ سے مشرقی پاکستان بنگلہ دیش بنا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جمعیت علماءاسلام (ف) کے رہنما حاجی طیب الرحمن ، ملک حاجی فضل رحیم ، صدیق الرحمن  اور دیگر نے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کااعلان کیا ،سراج الحق نے کہا کہ آج پاکستان میں نظریہ پاکستان کی جگہ دوسرے نظریات جنم لے رہے ہیں ،حکمران قومی تعصب کو ہوا دے رہے ہیں اور ان حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان کے سرحدات کو خطرات لاحق ہیں ،انہوں نے کہا کہ پانامہ سکینڈل میں کسی مزدور اور کسان کا نام نہیں بلکہ اس بڑے سکینڈل میں حکمرانوں کے نام ہیں ،آف شور کمپنیاں ہمارے ملک کے سرمایہ داروں نے بنائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک پر جب بھی سخت وقت آیا ہے تو اقتدار پرقابض ٹولہ ملک چھوڑ کر بیرون فرار ہو جاتا ہے یہ صرف ملک پر حکمرانی کیلئے پاکستان آتے ہیں ورنہ ان کی جائیدادیں اور کاروبار بیرون ملک ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج پختونوں کے خلاف پنجاب اور سندھ میں دہشت گردی کی آڑ میں مہم چلائی جارہی ہے حکمرانوں کو معلوم ہوناچاہیے کہ آزاد کشمیر انہی پختونوں نے آزاد کرایا تھا اور یہ لوگ مغربی سرحد کے محافظ ہیں۔ 
تازہ ترین