سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر میں پہلی میر معصوم شاہ اسکاؤٹ ریلی 2016 شروع ہوگئی جس کا افتتاح قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ اور چیف سیکریٹری سندھ / صوبائی اسکاؤٹ کمشنرمحمد صدیق میمن نے پبلک اسکول سکھر میں کیا ۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ ، کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ اور دیگر موجود تھے۔ پہلی میر معصوم شاہ اسکاؤٹ ریلی کی افتتاحی تقریب پبلک اسکول سکھر میں منعقد ہوئی جس میں چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن اور قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے ایک دوسرے کو اسکاؤٹ اسکارف پہنایا جبکہ دیگر مہمانوں کو بھی اسکاؤٹ اسکارف پہنایا گیا بعد ازاں قومی جھنڈے اورآتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا ، صوبائی اسکاؤٹ کمشنرمحمد صدیق میمن اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کیمپ فائر کا افتتاح کیا اور 40 اسکولوں کی جانب سے قائم کئے گئے کیمپوں میں جاکر 400 سے زائد اسکاؤٹس سے ملاقات کی جن میں طلبہ و طالبات شامل ہیں ،اس موقع پر استقبالیہ خاکہ بھی پیش کیا گیا ، میر معصوم شاہ اسکاؤٹ ریلی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ چھوٹے معصوم بچوں کو دیکھ کر دل بہت خوش ہواہے ملک کے اسکاؤٹس ہر مشکل وقت میں سرگرم رہتے ہیں لیکن بد قسمتی ہے کہ ہم نے اس بہترین شعبے کو یکسر نظر انداز کردیتے ہیں۔