اسلام آباد (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) وزیر داخلہ چوہدر ی نثارعلی خان نے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ ناموس رسول ﷺ ہمارے ایمان کا حصہ ہے، توہین رسالت گھناؤنا جرم ہے ، ایسے لوگ اسلام نہیں انسانیت کے دشمن ہیں، گستاخی کے مرتکب افراد کو سزا دلانے میں آخری حدتک جائیں گے تاہم کسی بے گناہ پر جھوٹے الزام کے نتائج تباہ کن ہوں گے، گستاخانہ مواد پر فیس بک بند ہوسکتی ہے ، پاکستان مردہ باد کہنے والے یہاں کیسے سیاست کرسکتے ہیں ، میچ فکسنگ کرنے والے کرکٹرز کو جیل بھیجا جائے گا ، نیوز لیکس کی رپورٹ ابھی نہیں ملی ، اداروں میں لوٹ مچی ہے ، کہانیاں سناؤں تو کان پکڑلیں ، پی آئی اے جو جہاز 8ہزار ڈالر فی گھنٹہ لیز پر لیا وہی طیارہ نجی کمپنی نے 4ہزار میں لیا۔ جمعرات کو اسلام آباد میں شہریوں کے سہولتی مرکزکی افتتاحی تقریب میں میڈیا سےبات چیت کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ بطور مسلمان میری ذمہ داری ہے کہ کسی بے گناہ کے سر توہین رسالت کا الزام نہ لگے کیونکہ اس سے تباہ کن نتائج ہوسکتے ہیں۔ پی ٹی اے نے متعلقہ پوسٹ بلا ک کردی ہے۔ فیس بک اور دیگر سروس پر وائیڈرز سے رابطہ کیا جارہاہے۔ فیس بک انتظامیہ اورسروس پروائیڈرز کے تعاون کے بغیر ملزموں کو پکڑناممکن نہیں۔ سوشل میڈیا پر اکثر مواد بلاک کردیاگیا ہے، تین یا چار روز میں ایکشن نہ ہوا تو سخت قدم اٹھائیں گے۔امریکا میں پاکستانی سفیر سے کہا ہے کہ ایف آئی اے سے تحقیقات کےلئے پاکستانی سفار تخا نے کاایک افسر نامزد کیا جائے تاکہ بلاگرز کے خلاف تحقیقات تیز ہوسکے۔ ایف آئی اے نے اس ضمن میں بین الاقوامی شہر ت کے حامل ماہر قانون کی خدمات حاصل کرلی ہیں، انہوں نے کہاکہ اگر فیس بک انتظامیہ نے منفی جواب دیا تو پھر ہم اپنے آپشنز استعمال کریں گے۔امریکی حکومت سے بھی اس حوالے سے مدد مانگی گئی ہے، غیر ملکی کمپنیوں کو اصل پیغام اس وقت جائیگا جب مسلمان سب اکھٹے ہوکر اس کے خلاف بولیں گے ٗمسلم ممالک نے ساتھ نہیں دیا تو پاکستان تنہام قدم اٹھائیگا،ہم چاہتے ہیں مسلمان ممالک توہین آمیز مواد کے معاملے میں ہمارا ساتھ دیں،اس ضمن میں عالم اسلام کومتحد ہوکر آواز بلند کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جو بلاگرز بیرون ملک فرار ہوگئے انہیں واپس لاکر ٹرائیل کریں گے۔ 11؍ افراد شارٹ لسٹ کئے گئے ہیں ۔ چوہد ر ی نثار نےکہا کہ ڈان لیکس کے حوالے سے ابھی تک وزارت داخلہ کو رپورٹ نہیں ملی، متعلقہ کمیٹی سے پوچھیں ابھی تک رپورٹ کیوں نہیں بھیجی، رپورٹ ملی تو حکومت کو پیش کروں گا ۔انہوں نے کہا کہ الطاف حسین پچھلے 20 سال میں سنگین جرائم کے مرتکب پائے گئے، کیا انہیں کٹہرے میں لانے کی کوششیں غلط ہیں؟ ایک بے گناہ پاکستانی لندن میں قتل ہوا، ہم بار بار یہ ایشو اٹھاتے رہیں گے، برطانوی وزیر داخلہ اگلے ماہ پا کستا ن آرہی ہیں، ان سے بھی بات کریں گے۔ چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ جو پاکستان پر یقین ہی نہیں رکھتے، جو پا کستا ن مردہ باد کے نعرے لگاتے ہیں، ان کو سیاست کی اجا زت کیسے دے سکتے ہیں؟ حسین حقانی کے انٹرویو سے متعلق سوال کے جواب میں وزیرداخلہ نے کہاکہ جنرل مشرف کے 11 سالہ دور کے بگاڑ کو ساڑھے تین سال میں بہتر کرنے کی بھرپور کوشش کی اورکسی ایک آدمی کو غلط ویزا جاری نہیں کیا اورغلط ویزے پر ہم نے ائرپورٹ سے بہت سے لوگ واپس بھیج دیئے۔ انہوں نے کہاکہ آن لائن ویزا سروس جلد شروع کردی جائے گی، پچھلے ادوار میں سیکڑوں افراد کو غلط پاکستانی ویزے جاری ہوئے اور غیر سفارتی افراد سفارتی چھتری میں پاکستان پہنچے تھے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ کرکٹ اسپاٹ فکسنگ میں ایف آئی اے نےابتدائی انکوائری رپورٹ دے دی ہے۔ میں نے کہا ہے کہ یہ چند کرکٹرز کا نہیں پاکستان کی نیک نامی کامسئلہ ہے ، تحقیقات میں پی سی بی کو مکمل معاونت فراہم کریں گے،ایف آئی اے کی انکوائری کے بعد کرپشن میں ملوث کرکٹرز کےخلاف ایف آئی آر کاٹی جائے گی اور جرم میں ملوث کرکٹرز کوجیل بھیجا جائیگا ۔پی آئی اے کے بارے میں سوال پر وزیرداخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم سے کہوں گا کہ وہ پی آئی اے کے معاملات پر اعلیٰ سطح اجلاس بلائیں میں پی آئی اے میں کرپشن سے متعلق رپور ٹ سامنے لائوں گا اوربتائوں گا کہ فلیگ کیرئیر نے کس طرح پاکستان کا امیج تباہ کیا۔ چند لوگ پی آئی اے کو نچوڑ کر کھاگئے۔ جیو نیوز کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک جہاز پی آئی اے نے 8 ہزار ڈالر فی گھنٹہ لیز پر لیا،نجی کمپنی نے وہی جہاز 4؍ ہزار ڈالر میں لے لیا۔ چوہدری نثار نے اشارہ دیا کہ گستاخانہ مواد پر فیس بک بند بھی ہو سکتی ہے ۔