کراچی(اسٹاف رپورٹر)معروف پاکستانی اداکارہ سجل علی اور صبور علی کی والدہ طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں، سجل علی کی والدہ گزشتہ کئی ماہ سے کینسر جیسے مہلک مرض میں مبتلا تھیں اور ان کا علاج جاری تھا۔ جمعرات کی رات طبیعت خراب ہونے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ انتقال کرگئیں۔ اس افسوسناک خبر کے ساتھ ہی ان کے گھر پر رشتہ داروں، دوستوں اور شوبزنس انڈسٹری کے افراد کا تانتا بندھ گیا۔ سجل علی کی والدہ کی جمعہ کے روز نماز جنازہ ڈیفنس فیز 4 میں واقع سلطان مسجد میں بعد نماز عصر ادا کی گئی اور انہیں ڈیفنس فیز 4 میں واقع قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔جمعرات کی شب والدہ کی حالت بگڑنے پرسجل علی نے انسٹاگرام پر اپنی والدہ کے ساتھ تصویر شئیر کی تھی جس میں انہوں نے مداحوں سے والدہ کے لیے دعاوں کی درخواست کی تھی۔