• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں قانون کی حکمرانی تک بدامنی کا خاتمہ نہیں ہوسکتا،سراج الحق

لاہور(نمائندہ خصو صی)امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ محنت مزدوری کے سلسلہ میں بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی اپنے ملک کے بہترین سفیر ہیں اور انہوں نے دنیا بھر میں اپنے کردار سے پاکستان کا نام روشن کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مشرق و مغرب اور خلیج کے ممالک میں پھیلے ہوئے لاکھوں پاکستانی ہر سال بیرون ملک سے اٹھارہ ارب ڈالر سے زائد زرمبادلہ کما کر پاکستان بھیجتے ہیں مگر پاکستان کے کرپٹ حکمران اپنے گھروں اور خاندانوں سے دور، ان محنت کشوں کی خون پسینے کی کمائی کو لوٹ کر با ہر منتقل کردیتے ہیں ۔امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے وفد کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کی اور بیت اللہ میں نوافل ادا کرنے کے بعد ملک و قوم اور عالم اسلام کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی۔مکہ مکرمہ میں پاکستانیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ ان حکمرانوں کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کے وقار کو سخت ٹھیس پہنچی ہے ،حکومتی کرپشن کی وجہ سے بیرونی دنیا میں پاکستانی کمیونٹی کو سخت خفت اٹھانا پڑتی ہے ۔پاکستان میں بدامنی اور دہشت گردی کی بڑی وجہ خود حکمرانوں کی طرف سے آئین و قانون کی پامالی ہے ۔جب تک ملک میں آئین کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی قائم نہیں ہوتی بدامنی کا خاتمہ نہیں ہوسکتا ۔انہوں نے پاکستان کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے بارے میں پائے جانے والے منفی پروپیگنڈے کا جواب اپنے مثبت کردار سے دیں اور جہاں اور جس ملک میں بھی ہوں وہاں کے قانون کی پابندی کریں ۔ سراج الحق نے پاکستانی کمیونٹی کو یقین دلایا کہ  ہم نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں کو ووٹ کاحق دیا جائے ۔
تازہ ترین