گوجرانوالہ،سیالکوٹ(مانیٹر نگ سیل،نمائندگان ،نیوز ایجنسیاں)فیس بک کی دوستی کا خوفناک انجام سامنے آیا ہے، گوجرانوالہ کے محبوب کو سیالکوٹ کی محبوبہ نےگھر بلا کر قتل کردیا۔ لڑکی واردات کے بعد نیپال فرار ہوگئی ۔تفتیشی حکام کے مطابق 22سالہ شیرون کی لاش کھیتوں سے جبکہ کپڑے اور موبائل لڑکی کے گھر سے برآمد ہوئے ، لڑکی کے والدین کو حراست میں لے لیا ہے جو کہتے ہیں کہ بیٹی نیپال جاچکی ہے۔پولیس کے مطابق کھیتوں سے ملنے والی لاش کی شناخت شیرون بھٹی کے نام سے ہوئی،واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، نائلہ نے شیرون کو شادی کرکے بیرون ملک لے جانے کے سہانے خواب دکھا کر گھر بلایا اور شیرون لڑکی سے ملنے اس کے گھر چلاگیا تاہم 3 روز لاپتہ رہنے کے بعد شیرون کی کھیتوں سے لاش ملی جسے پولیس نے تحویل میں لیکر تفتیش کا آغاز کردیا۔مقتول کےکزن نے الزام لگایا ہے کہ شیرون بھٹی کواس کی دوست نائلہ نےقتل کیا، شیرون کی ایک لڑکی سےسماجی ویب سائٹ پردوستی ہوئی، مقتول لڑکی سےملنے گیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے لڑکی سمبڑیال کی رہائشی ہے، واقعے کا مقدمہ درج کرکے لڑکی کے والدین کو حراست میں لےلیاہے، لڑکی کے گھر سے شیرون کا موبائل، کپڑے اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے، لڑکی کےوالدین کاکہناہےکہ ان کی بیٹی نیپال جاچکی ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق لڑکی اور لڑکے نےبیرون ملک جانےکاپلان بنایا تھا، رقم ہتھیا نے کےبعد لڑکی نے اسے قتل کردیا، 22سالہ شیرون باغبان پورہ کارہائشی اور نرسنگ کاکورس کر رہا تھا ۔ پسرور سے نامہ نگار کے مطابق پسرور سیالکوٹ روڈ پر واقع گاؤں لنگے کے قریب برآمد ہونے والی لاوارث نعش کی شناخت ہوگئی ،پولیس نے نعش کو پسرور میں امانت کے طور پر دفن کرنے سے پہلے اس کے فنگر پرنٹس نادرا کو بھیجے تھے جہاں سے مقتول کی شناخت شمعون مسیح کے طور پر ہوئی جب پولیس نے مزید تفتیش کی تو اصل حقائق سامنے آ گئے رپورٹ کے مطابق شمعون مسیح کی چند ماہ قبل فیس بک پر سمبڑیال کی لڑکی نائلہ سے دوستی ہوگئی تھی اور شمعون مسیح نے گھر سے غائب ہو کر نائلہ سے شادی کرلی اسی دوران نائلہ نےا سے ملک سے باہر بھجوانے کے لیئے مبینہ طور پر 7لاکھ روپے بھی لیئے تاہم پھر دونوں کے درمیان ناچاقی ہوگئی اور نائلہ نے اسے کرائے کے قاتلوں سے قتل کروا دیا اور خود نیپال چلی گئی پولیس نے مقتول کے ٹیلی فون ڈیٹا کی مدد سے تفصیلات حاصل کرکے نائلہ کی والدہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ مزید انکشافات کی توقع ہے۔