اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے بنوں کے ناظم کی جانب سے دئیے گئے متنازع اشتہار کا معاملہ لوکل گورنمنٹ وزیر کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایم کیو ایم (لندن) نے اشتہار کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہےجبکہ دوسری جانب تحصیل ناظم نے اشتہار پر معذرت کرلی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان نے کہا ہے کہ مقامی حکومتیں اپنے معاملات میں مکمل طور پر خود مختار ہیں ، اشتہار صوبائی حکومت نہیں بلکہ بنوں کے ناظم کی جانب سے دیا گیا ہے۔مذکورہ اشتہار سے پیدا ہونے والے غلط تاثر کی وضاحت بنوں کی مقامی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ صوبائی حکومت معاملے کی پڑتال کرے گی اور اپنی سفارشات دے گی۔ واضح رہے کہ تحصیل ناظم ٹی ایم اے بنوں کے احکامات پر خاکروبوں کی بھرتیوں سے متعلق اشتہار دیا گیا جس میں مذہب کے خانے میں ”شیعہ ، ہندو بالمیکی ، عیسائی“ لکھا گیا تھا۔ ادھر ایم کیو ایم (لندن) نے اشتہار کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ندیم نصرت نے ایک بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت ہے اور تحریک انصاف کے لوگوںنے مذہبی انتہا پسندوں کی خوشنودی کیلئے اہل تشیع کیخلاف اپنی نفرت کا مظاہرہ کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ احترام انسانیت پر یقین نہیں رکھتے ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان اور ان کے حواری دن رات تبدیلی کا ڈھنڈورا پیٹتے رہتے ہیں، وہ قوم کو جواب دیں کہ اہل تشیع کی دل آزاری کرکے تحریک انصاف ،پاکستان میں کونسی تبدیلی لاناچاہتی ہے؟ ندیم نصرت نے مطالبہ کیاکہ مذہبی جذبات بھڑکانے اور اہل تشیع کی دل آزاری کرنے پر تحریک انصاف کے رہنما ان سے معافی مانگیں اور نفرت انگیز اشتہارات شائع کرنے کا سلسلہ بند کرے۔دریں اثناء تحصیل ناظم ملک احسان اللہ نے ایک وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اشتہار کی اشاعت پر معذرت خواہ ہیں۔ اشتہار میںاصل لفظ’’ بشمول ‘‘ تھا جس کو غلطی سے شیعہ لکھا گیاہے اور یہ ٹائپنگ کی غلطی ہے۔علاوہ ازیں متنازع اشتہار شائع ہونے پر سوشل میڈیا کے ذریعہ لوگوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔