بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ زیور تعلیم سے آراستہ طالبات پاکستان کی پائیدار اور مستحکم سماجی و معاشی ترقی کی ضامن ہیں اور جدید علوم و فنون میں مہارت رکھنے والی نوجوان نسل کی آنکھوں میں سنہرے مستقبل کی چمک درحقیقت ترقی یافتہ پاکستان کے سہانے مستقبل کی شبیہ ہے،ملکی ترقی میں بیٹیوں کی شمولیت کوئی نہیں روک سکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی کے پہلے کانووکیشن کے موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں کہی۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ عصر حاضر علوم و فنون میں مہارت حاصل کر کے مضبوط نالج اکانومی کی برتری سے عبارت ہے۔ ڈگری حاصل کرنے والی طالبات پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ قوم ان سے بے پناہ توقعات رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈگری حاصل کرنے والی طالبات پاکستان کی تعمیر وترقی کے عمل میں اہم سٹیک ہولڈر کی حیثیت رکھتی ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا صادق ویمن یونیورسٹی عظیم اور شاندار روایات کی امین ہے۔1944ء میں انٹر میڈیٹ کالج کے آغاز سے2012ء میں یونیورسٹی کا درجہ حاصل کرنے تک اس عظیم تعلیمی ادارے نے طالبات کو جدید علوم وفنون سے آراستہ کرنے کے لیے شاندار خدمات سرانجام دی ہیں۔ انہوں نے نواب سرصادق محمد خاں خامس عباسی کی تعلیمی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے لیڈر قوموں کی تعمیر وترقی کے لیے دور رس اور ہمہ گیر مثبت و تعمیری ویژن کو بروئے کار لاتے ہیں جو قوموں کی تقدیر بدل دیتے ہیں،گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان دنیا کے نقشے پر جنت ارضی کا درجہ رکھتا ہے اور جس قوم کی بیٹیاں علوم و فنون میں مہارت رکھتی ہوں اس کی ترقی کے عمل کو کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حصول تعلیم کے بعد اگر بیٹیوں کو گھر میں بٹھانا ہے تو اس کا فائدہ پاکستان کو نہیں ہوگا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت شاندار تہذیبی ورثے کی امین سرائیکی دھرتی کو زندگی کے مختلف شعبوں میں ترقی دینے کے لیے اعلیٰ تعلیمی ادارے جن میں یونیورسٹیز، میڈیکل کا لجز، انجینئرنگ و زرعی کالجز، سولر پارک اور موٹر ویز کا جال بچھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر اور معیاری تعلیمی و دیگر سہولیات کی فراہمی آپ پر کوئی احسان نہیں بلکہ عوام کا حق ہے اور حکومت کا اولین فرض ہے۔ کانووکیشن میں صوبائی وزیر اقبال چنڑ، ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی، حبیب اللہ بھٹہ،ڈاکٹر رانا محمد طارق،ممبران سنڈیکیٹ، فیکلٹی ممبران، طالبات اور ان کے والدین موجود تھے۔بعد ازاںپوزیشن ہولڈرز میں میڈل اور ڈگریاں تقسیم کی گئیں،دریں اثناءگورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے سول ہسپتال بہاول پور کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی وارڈ، آؤٹ ڈور، شعبہ فارمیسی سمیت دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب کے ہمراہ صوبائی وزیر امداد باہمی ملک اقبال چنڑ، ڈپٹی کمشنر بہاول پور رانا محمد سلیم افضل،ڈاکٹر احسن فردوس و دیگر موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے مریضوں سے علاج معالجہ کی سہولیات بارے دریافت کیا۔ انہوں نے ایم ایس سول ہسپتال کو ہدایت کی کہ ایمرجنسی وارڈ میں خواتین مریضوں کے لیے علیحدہ بیڈز رکھے جائیں تاکہ ان کے پردے کا تقدس ہر صورت برقرار رہے۔ گورنر پنجاب نے سول ہسپتال میں پولیو مہم کے لیے قائم کردہ پولیو کاؤنٹرز کا بھی معائنہ کیا اور پولیو سے بچاؤ کی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے پولیو مہم کی آگاہی مہم کو مزید مؤثر طور پر چلانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سول ہسپتال میں صفائی ستھرائی کی صورت حال پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔