وزیراعظم نوازشریف نے انکشاف کیاہےکہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف ان سے خفیہ ڈیل کرنا چاہتےتھے جس سے انہوں نےصاف انکار کردیا ۔برے حالات میں پاکستان سے گئے تھے، جانانہیں چاہتے تھے۔زبردستی بھیجا گیا، واپس آنا چاہتے تھے۔ واپس بھی نہ آنے دیاگیا ۔
اس حوالے سے نمائندہ خصوصی آصف علی بھٹی نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعظم نوازشریف نے سیاسی معاملات سمیت ماضی کی ناخوش گوار یادوں کا صفحہ بھی کھول دیا۔اور کہا کہ 2007میں پرویز مشرف انڈر ہینڈ ڈیل کرنا چاہتے تھے۔
پرویز مشرف نے بلاواسطہ پیغام بھی بھیجاتھا کہ وہ معاملات طے کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ جنرل مشرف چاہتے تھے کہ انتخابات کے بعد حکومت سازی میں مل کر آگے بڑھا جائےلیکن انہوں نے انڈرہینڈ ڈیل کرنے سے انکار کردیا۔
خفیہ ڈیل پر یقین نہیں رکھتا، اللہ نے اسی لیے ہمیشہ سرخرو کیا۔ برے حالات میں پاکستان سے گئے تھے، جانانہیں چاہتے تھے۔ زبردستی بھیجا گیا، واپس آنا چاہتے تھے۔ واپس بھی نہ آنے دیاگیا ۔ آج مشرف چاہنے کے باوجود پاکستان نہیں آسکتے ،یہی مکافات عمل ہے۔ مشکل وقت بھی دیکھا ،اللہ تعالی نے مدد کی،عوام نے پھر منتخب کرلیا۔
2013 میں انتہائی کٹھن حالات میں اقتدار سنبھالا، چار سال میں محنت سےملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔دریں اثنا وزیراعظم نوازشریف نے کہاہے کہ بعض لوگ سیاست میں ناسمجھ ہیں،وہ ہمیں نہیں روکتے قوم کو ترقی سے روکتے ہیں۔
کبھی دھرنےدیتےہیں کبھی احتجاج ،ان حرکتوں سے ملکی ترقی کے پہیے کو نقصان پہنچایاگیا ۔ وزیراعظم نے پارٹی قائدین اورارکان پارلےمنٹ کو ٓئندہ انتخابات کی تیاری کی ہدایت بھی کردی۔
وزیراعظم کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں سیاسی صورتحال ،ترقیاتی منصوبوں ، پارلیمانی امور کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔ ذرائع کا کہناہے وزیراعظم نے فوجی عدالتوں کی آئینی ترمیم کی منظوری کےلئے تمام ارکان کو پارلیمنٹ میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ انھوں نے کہا کہ منفی ہتھکنڈے استعمال کرنے کا وقت گزرچکا۔
ایک موقع پر ترچھی ٹوپی والے کا تذکرہ بھی ہوا ۔ ایک رکن بولے سر اب تو ترچھی ٹوپی والے بھی آگئے ہیں۔وزیراعظم نے استفسار کیاکہ یہ ترچھی ٹوپی والا کون ہے؟ پھر بولےچلیں چھوڑیں ۔ کچھ لوگ کینیڈا سے بھی آجاتے ہیں، آپ بس اپنا کام کرتے جائیں۔
نوازشریف نے ہدایت کی کہ ارکان پارلیمنٹ اور پارٹی قائدین انتخابات کی تیاری شروع کردیں۔ ایک موقع پرنجف عباس سیال نے وزیراعظم کومخاطب کرکےکہاآپ کبھی کبھار ملتے ہیں تو خوشیاں دوبالا ہوجاتی ہیں، ملتے رہاکریں ،وزیراعظم نے کہاکہ آپ فکر نہ کریں اب ہر 2ماہ بعد ملاقاتیں ہوں گی ۔