پشاور(نمائندہ خصوصی) ایف آئی اے کی چھاپہ مار ٹیم نے چھاپہ مار کر دکانداروں سے بھتہ وصول کرنے والے جعلی مجسٹریٹ کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی آپریشن سجاد خان کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ لیبر کالونی انڈسٹریل سٹیٹ حیات آباد پشاور میں ایک نوسرباز خود کو مجسٹریٹ اور فوڈ انسپکٹر ظاہر کر کے دکانداروں سے بھتہ وصول کیا جا رہا ہے چنانچہ اس اطلاع پر سٹیشن ہائوس آفیسر افتخار علی ، اے ایس آئی اختر جانان، اے ایس آئی عبدالرئوف، کانسٹیبل شہریار اور کانسٹیبل احسان اللہ پر مشتمل چھاپہ مار ٹیم نے لیبر کالونی انڈسٹریل سٹیٹ میں چھاپہ مار کر جعلی مجسٹریٹ و جعلی فوڈ انسپکٹر شیراز شریف آفریدی ولد محمد شریف کو گرفتار کر لیا۔ جعلی مجسٹریٹ لیبر کالونی کے دکاندار فیروز علی سے چودہ مارچ کو پچاس ہزار روپے رشوت طلب کی اور پھر اس سے دس ہزار روپے کی رقم لی۔ جعلی مجسٹریٹ کے بار ے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ٹرائبل الیکٹرک پلائی کمپنی کے ڈپٹی منیجر کے دفتر میں اکائونٹ اسسٹنٹ ہے جس نے پولیس سٹیشن تاتارا حیات آباد پشاور کے ہیڈ کانسٹیبل کی ملی بھگت سے دکاندار فیروز علی کو غیر قانونی حراست میں رکھا گیا اور بعد میں اس سے دس ہزار روپے لیکر اسے چھوڑ دیا گیا۔