• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز مشرف نے اسپائیڈر گروپ تیار کیا تھا،چیئرمین سینیٹ

 اسلام آباد(جنگ نیوز،نمائندہ جنگ)چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ پرویز مشرف نے اسپائیڈر گروپ تیار کیا تھا،مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے سینیٹ میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ حسین حقانی نے اس وقت کی وزارت داخلہ کے احکامات پر امریکیوں کو ویزے جاری کئے۔اس حوالے سے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی بنائی جا سکتی ہے۔ سرتاج عزیز نےحسین حقانی کے اس وقت کی حکومت کی منظوری سے سی آئی اے ایجنٹوں کے لئے ویزے دینے کے اعترافی مضمون پر سینیٹ میں تحریک التواء پر بحث سمیٹتے ہوئے کہا کہ2010 میں اس وقت کی وزارت داخلہ کی طرف سے واشنگٹن میں پاکستانی سفیر کو ایک خط بھیجا گیا جس کے تحت پاکستانی سفیر کو یہ اختیار دیا گیا کہ وہ کسی متعلقہ ادارے کو اطلاع دیئے بغیر ایک سال کے لئے ویزا جاری کر سکتا ہے۔ اس خط کے بعد پاکستان میں امریکیوں کی آمد میں50 فیصد اضافہ ہو گیا اوراس وقت2487 امریکی پاکستان آئے، تین سال قبل سوڈان میں اغواء ہونے والے پاکستانی ایاز علی جمالی کی بازیابی کیلئے حکومت کوشاں ہیں اْمید ہے جلد ہی اچھی خبر ملے گی ۔ چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے مشیر خارجہ کے بیان کے بعد کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے اپنے دور میں اسپائیڈر گروپ تیار کیا تھا جو بے نظیر انٹر نیشنل ائر پورٹ سے کارگو کا راستہ استعمال کرتے تھے جہاں سے امریکن بغیر ویزے اور بغیر کسٹم امیگریشن سے آتے جاتے تھے، ان کا سامان چیک نہیں ہوتا تھا، اس دور میں آنے والے امریکیوں نےکہیں اسامہ بن لادن کوتلاش تو نہیں کرلیا تھا، مشرف کے دور میں ہونےوالے ان واقعات کو بھی ٹی او آر میں شامل کیا جائے۔
تازہ ترین