• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلزپارٹی کادیگر جماعتوں کی مددسے وفاقی حکومت کوسخت جواب دینے کا فیصلہ

اسلام آباد(عبدالرئوف چوہدری)پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے مسلم لیگ (ن) کیخلاف سخت مزاحمت کافیصلہ کیاہے،اس سلسلے میں پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں سے تعاون حاصل کیاجائے گااور پارلیمنٹ سمیت تمام فورمز پرحکومت کوسخت جواب دینے کی حکمت عملی اختیارکی جائیگی۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن)کی حکومت سابق صدر آصف زرداری کے خلاف ڈاکٹر عاصم،شرجیل میمن اورعزیر بلوچ کواستعمال کرنا چاہتی ہے تاکہ پیپلز پارٹی کوآئندہ انتخابات سے پہلے سندھ میں غیر مقبول پارٹی بنا دیا جائےجس پرپیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے بھی مسلم لیگ(ن)کی قومی اسمبلی ،سینٹ اور قائمہ کمیٹیوں سمیت ہر فورم پرمزاحمت کافیصلہ کیا ہے اوراس حوالے سےچاروں صوبوں میں پارٹی کی صوبائی اور ضلعی قیادت کوہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔پنجاب میں شوکت بسرا پر قاتلانہ حملے، ساتھی کی ہلاکت اور بابر بٹ کے قتل کے واقعات کے خلاف احتجاج کرنے اورسندھ میں مسلم لیگ کے جاری منصوبوں میں کرپشن ودیگرمعاملات کو منظر عام پر لانے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مقامی پارٹیوں سے تعاون حاصل کرکے مسلم لیگ کیخلاف محاذقائم کیاجائے گا۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ میمو گیٹ،اسامہ بن لادن  کی ہلاکت کی رپورٹ منظر عام پر لانے کیخلاف بھی حکومت کے خلاف ہر محاذ پر لڑنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔ 
تازہ ترین