راولپنڈی،ملتان(ایجنسیاں،سٹاف رپورٹر) حج کرپشن کیس میں باعزت بری ہونے والے سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔رہائی کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حامد سعید کاظمی کا کہنا تھا کہاسلام آباد ہائیکورٹ نے میری سزا کالعدم قرار دے کر مجھے سرخرو کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں سیاسی قیدی تھا، مجھے جیل کے اندر اے کلاس ملنی چاہئے تھی، لیکن مجھے بی کلاس بھی نہیں دی گئی۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ باعزت رہائی ملنے پر اللہ کا شکر گزار ہوں، میری نیک نامی پر لگے داغ دھل گئے۔یاد رہے کہ 20 مارچ کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور حامد سعید کاظمی، سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) حج را شکیل اور سابق جوائنٹ سیکریٹری راجہ آفتاب کو حج کرپشن کیس میں باعزت بری کردیا تھا۔حامد سعید کاظمی، را ئوشکیل اور راجہ آفتاب پر سال 2010 میں حج انتظامات میں خورد برد، کرپشن اور قومی خزانے کو اربوں روپے نقصان پہنچانے کے الزامات تھے، جس کا مقدمہ وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) میں درج تھا۔دریں اثناء علامہ حامد سعید کاظمی آج بروز جمعرات ملتان پہنچیں گے،تنظیم السعید کی جانب سےحامد سعید کاظمی کا قادرپور راں پر شام 4بجے شاندار استقبال کیا جائے گا ، حامد سعید کاظمی شام 5بجے قذافی چوک پر میڈیا سے گفتگو کریں گے ۔