سرگودھا(نمائندہ جنگ) ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتا ل کی ایڈ منسٹریٹو کمیٹی کااجلاس کمشنر ندیم محبوب کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔اجلاس میں تشخیصی مشینوں اور گیارہ کروڑ کی لاگت کی یم آئی آر مشین کی خریداری کی منظوری دی گئی ۔کمشنر نے ہسپتال میں طبی و دیگر عملہ کی حاضری کو یقینی بنانے اور نئے تشخیصی آلات کو محفوظ ہاتھوں کے سپرد کرنے اور پروفیشنلز کو ذمہ داریاں سونپنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر بتایا گیا کہ ایم آئی آر کی تنصیب آئندہ چھ ماہ کے اندر مکمل ہو جائے گی۔اجلاس میں ایم پی اے عبدالرزاق ڈھلوں نےہسپتال کی کارکردگی مزیدبہتر بنانے ، چیئرمین ہیلتھ کمیٹی ڈاکٹر نادیہ عزیزنے سرگودہا میڈیکل کالج اور ٹیچنگ ہسپتال کے ڈاکٹرز کے مابین بہتر روابط اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا ۔ اجلاس میں ایم ایس ڈکٹر پرویز حیدر نے ٹیچنگ و مولا بخش ہسپتال کیلئے تیس نئے سپلٹ ایئر کنڈیشنر اور 400پلاسٹک کرسیاں خرید نے کی منظوری طلب کی۔ کمشنر نے ایم ایس کو مولا بخش ہسپتال کو ایک اینستھزیا مشین اور ڈیلیوری ٹیبلر فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں ڈی سی لیاقت علی چٹھہ ، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر عرفان فرید، ایڈیشنل کمشنر طارق خان نیازی ، ایم ایس ڈاکٹر پرویز حیدر و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔