سرگودھا(نامہ نگار،نمائندہ جنگ )ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے اپنے دفتر میں گوالہ کالونی میں مویشیوں کی منتقلی کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کہاکہ شہر سے مویشیوں کے انخلا کیلئے دی گئی پندرہ اپریل کی ڈیڈلائن کے بعد شہر میں مویشی رکھنے والوں کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن ہو گا ۔ پندرہ اپریل کے بعد مویشی شہر میں کسی صورت نہیں رہیں گے ۔ جھال چکیاں کے قریب 117 کنال اراضی پر گوالہ کالونی کا قیام عمل میں لایا جارہاہے ۔ڈپٹی کمشنر نے گوالہ کالونی میں پلاٹس کی الاٹمنٹ ودیگر معاملات کاجائزہ لینے کیلئے اے ڈی سی جی کی سربراہی میں ایک سب کمیٹی تشکیل دے دی جو تین دن میں اپنی سفارشات پیش کرنے کی پابند ہوگی۔اجلاس میں میئر سرگودھا ملک اسلم نوید ، ایم پی اے چوہدری عبدالرزاق ڈھلوں ، چوہدری عبدالرشید ‘ اسسٹنٹ کمشنر محمد سعید لغاری ‘ ٹی ایم او رانا جمیل اختر ‘ سیکرٹری امپروومنٹ ٹرسٹ مہر غلام عباس لک اورگوالہ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔علاوہ ازیں مردم شماری کے حوالہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لیاقت چٹھہ نے فیلڈ سٹاف کے لئے مردم شماری شروع ہونے سے دوروز قبل ٹرانسپورٹ کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے سیکرٹری آر ٹی اے کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں اے ڈی سی ذوالقرنین لنگڑیال ‘ اسسٹنٹ سینس کمشنر محمد رفیق ‘ انچارج ڈویژنل کنٹرول روم سہیل احمد کے علاوہ متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے سپورٹس سٹیڈیم میں منعقدہ نجی کالج کے سپورٹس اینڈ کلچرل شو میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی ۔