اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر مملکت اطلاعات‘نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے افضل بٹ کو فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کا صدر منتخب ہونے اور دیگر عہدیداران کو انکی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ بدھ کو اپنے تہنیتی پیغام میں وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک آزاد میڈیا ملک میں جمہوریت اور جمہوری نظام کی مضبوطی کیلئے بہت اہم ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی منتخب حکومت ہے اور آزادی اظہار رائے پر پختہ یقین رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا نے ایک طویل اور مشکل جدوجہد کے بعد آزادی حاصل کی ہے اور موجودہ حکومت میڈیا کی ترقی کو برقرار رکھنے اور انکی آزادی کے تحفظ کی مکمل حمایت جاری رکھے گی ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب صحافتی قیادت ‘صحافیوں اور کارکنوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریگی اور معاشرے میں جہموری اقدار کے فروغ کے لئے اپنا کردار جاری رکھے گی ۔